ٹی ٹی پی دہشتگردوں کے پاس پاکستانی آئی ڈی کارڈز کی موجودگی کا انکشاف

پاکستان کیخلاف دہشتگردی کی کارروائیوں میں سرگرم کالعدم تحریک طالبان ، دہشتگرد تنظیم القاعدہ کے کارندوں ، بھارتی خفیہ ایجنسی را کے اہلکاروں اور افغان باشندوں کے پاس پاکستانی آئی ڈی کارڈ موجود ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔

اس حوالے سے سینیٹ  کمیٹی برائے داخلہ میں ایم کیو ایم پاکستان کے سینیٹر فیصل سبزواری نے رپورٹ پیش کردی ہے جس میں انکشاف ہوا ہے کہ نادرا کے 60 فیصد تک ملازمین کرپشن میں ملوث ہیں ۔

 اطلاعات کے مطابق گرفتار  افغان شہریوں  سے  نادرا کراچی کے جاری کردہ شناختی کارڈز پائے گئے ہیں، القاعدہ رکن عبداللہ بلوچ نے نادرا سے ایک سے زیادہ بار شناختی کارڈ حاصل کیے۔ صفورا گوٹھ کیس میں ملوث بھارتی شہری عمران علی کے پاس بھی پاکستانی شناختی کارڈ تھا۔

سینیٹ  کمیٹی برائے داخلہ کی جانب سے   رپورٹ کی روشنی میں غیرقانونی اور غیرمجاز شناختی کارڈ کے اجرا میں ملوث افراد کےخلاف کارروائی کی سفارش کی گئی ہے ۔اس حوالے سے چیئرمین نادرا کا کہنا تھا کہ معاملےکی تحقیقات کررہے ہیں، نادرا کے بارہ افسران گرفتار اور 29  کو معطل کر دیا گیا ہے ۔

Back to top button