کیا ژالے سرحدی پریانکا چوپڑا کی رشتے دار ہیں؟
کیا معروف پاکستانی اداکار خیام سرحدی کی اداکارہ بیٹی ژالے سرحدی بولی وڈ سپر اسٹار پریانکا چوپڑا کی کزن ہیں۔ یہ سوال سوشل میڈیا پر تب زیر بحث آیا جب ژالے سرحدی نے اس حوالے سے ایک دلچسپ بیان جاری کیا۔ ہوا یوں کہ سوشل میڈیا پر ژالے کے کچھ پرستاروں نے انہیں پریانکا چوپڑا کا ہمشکل ہونے کی وجہ پوچھی۔جواب میں ماڈل اور اداکارہ ژالے نے یہ کہہ دیا کہ ممکن ہے وہ بالی وڈ اداکارہ کی دور کی رشتے دار ہوں۔ حالانکہ انہوں نے یہ بات مذاق میں کی تھی لیکن سوشل میڈیا پر اس حوالے سے بحث شروع ہوچکی ہے۔ ژالے سرحدی نے یہ انکشاف بھی کیا کہ انہیں پریانکا چوپڑا کی ہم شکل ہونے کی وجہ سے ایک بھارتی فلم میں ان کا ڈبل رول کرنے کی پیشکش بھی ہوئی تھی۔
یاد رہے کہ ژالے سرحدی نے 2008 میں اداکاری کا آغاز کیا تھا، اب تک وہ نصف درجن کے قریب فلموں اور چار درجن کے قریب ڈراموں میں اداکاری کر چکی ہیں۔حال ہی میں انہوں نے انسٹاگرام پر مداحوں کے سوالوں کے جواب دیے اور انہوں نے اہل خانہ اور بیٹی کی تعریفیں کرنے پر مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔ بعض مداحوں نے انہیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد آنے اور ملاقات کی دعوت بھی دی، جس پر اداکارہ نے انہیں بتایا کہ وہ جب بھی وہاں آئیں گی تو انہیں بتائیں گی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ انہیں اب تک اپنا ڈراما ’رنگ لگا‘ بہت پسند ہے، جسے 2015 میں نشر کیا گیا تھا اور انہوں نے اس میں سیما کا مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ایک مداح نے ان سے ان کے نام کا مطلب معلوم کیا جس پر انہوں نے بتایا کہ ان کے نام کی اردو معنی ’خوشحالی‘ ہے، وزن کنٹرول کرنے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ نہ صرف ڈائیٹ کرتی ہیں بلکہ وہ ورزش بھی کرتی رہتی ہیں۔
ایک مداح کی جانب سے اپنے والدین کی تعریفیں کیے جانے پر انہوں نے ان کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی کہا کہ وہ ان کی محبتوں کو یاد رکھیں گی۔ سوالوں کے دوران ایک مداح نے انہیں کہا کہ ان کی شکل بولی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا سے بہت ملتی ہے، جس پر اداکارہ نے دلچسپ جواب دیا۔ژالے سرحدی نے لکھا کہ ان سے یہی بات پہلے بھی کئی لوگ بار بار کر چکے ہیں اور ساتھ ہی مزاحیہ انداز میں لکھا کہ عین ممکن ہے کہ پریانکا چوپڑا ان کی دور کی رشتے دار ہوں۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ ژالے سرحدی نے پریانکا چوپڑا سے متعلق ایسی بات کہی ہو۔
اس سے قبل بھی انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ انہیں بولی وڈ اداکار کی کزن سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے 2017 میں ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ انہوں نے اس وقت کیریئر کا آغاز کیا تھا جب پریانکا چوپڑا مس ورلڈ بنی تھیں۔ اداکارہ نے بتایا تھا کہ ایک منصوبے میں جب انہوں نے ایک بھارتی اداکار کے ساتھ کام کیا تو انہوں نے مذاق میں ان کی تصاویر ایک بھارتی ایجنٹ کو بھیج دیں، جنہوں نے اداکار سے پوچھا کہ پریانکا چوپڑا کی کزن ایسی تو نہیں ہیں؟ یہ کون ہیں؟ژالے سرحدی نے بتایا تھا کہ ان کے دوست کی جانب سے بھارتی ایجنٹ کو تصاویر بھجوانے کے بعد انہیں انڈیا سے پریانکا چوپڑا کا ڈبل رول کرنے کی پیش کش بھی ہوئی تھی۔
