والد کو ’غدار‘ کہنے والے کو اذان سمیع نے لاجواب کر دیا

پاکستانی شہریت چھوڑ کر بھارت کی شہریت لینے والے گلوکار عدنان سمیع خان کے بیٹے گلوکار و موسیقار اذان سمیع خان نے سوشل میڈیا پر اپنے والد کو ’غدار‘ کہنے والے شخص کو پیار بھرا جواب دے کر لاجواب کر دیا۔ یاد رہے کہ سابق پاکستانی سفارت کار کے بیٹے عدنان سمیع نے گلوکاری میں اپنا کیریئر بنانے کی خاطر 2015 میں بھارتی شہریت حاصل کر لی تھی جس کے بعد ان پر غداری کا الزام لگا دیا گیا تھا۔ اس سے پہلے عدنان سمیع کی اپنی اہلیہ اور پاکستان کے سابق اٹارنی جنرل یحییٰ بختیار کی بیٹی فلمسٹار زیبا بختیار سے طلاق ہو گئی تھی۔ اب تک عدنان اور زیبا دونوں تین تین شادیاں کر چکے ہیں۔ تاہم اذان سمیع دراصل زیبا بختیار اور عدنان سمیع کی اولاد ہے جو خود بھی گلوکار اور موسیقار بن چکا ہے۔

والد کی جانب سے پاکستان چھوڑ کر بھارت میں رہائش اور وہاں کی شہریت حاصل کرنے پر عدنان سمیع خان کو اکثر پاکستانی سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ حال ہی میں انسٹا گرام پر ایک شخص نے اذان کے والد عدنان سمیع کے بارے میں نفرت انگیز کمنٹ کیا۔
اذان کی جانب سے اپنے والد کی پوسٹ کردہ ایک تصویر پر کمنٹ کرتے ہوئے کی اس نے پوچھا کہ وہ اپنے غدار والد سے ملنے بھارت کب جا رہے ہیں؟ لیکن اذان سمیع خان نے سوال کرنے والے شخص کو پیار بھرا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے والد ہیں اور ان سے ملاقات کے لیے وہ کہیں بھی جا سکتے ہیں ۔ ساتھ ہی اذان نے سوال کرنے والے شخص کو مشورہ دیا کہ وہ نفرت پالنے اور پھیلانے کی بجائے موج مستیاں کرے اور پیار پھیلائیں۔

اذان سمیع کی جانب سے نفرت انگیز سوال کا جواب پیار سے دینے پر کئی شوبز شخصیات اور عام لوگوں نے ان کی تعریفیں کیں۔ اس سے قبل بھی اذان سمیع خان کو والد کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے، 2019 میں ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا تھا کہ والد کی جانب سے بھارت میں رہائش اختیار کیے جانے پر کئی لوگ انہیں مسلسل نفرت انگیز پیغامات بھجواتے ہیں۔ انہوں نے بتایا تھا کہ والد کے فیصلے کی وجہ سے ان پر تنقید کی جاتی ہے مگر وہ بطور بیٹا اپنے والد کو غلط نہیں کہہ سکتے۔اذان سمیع خان نے یہ بھی واضح کیا تھا کہ اگرچہ وہ والد کی بہت عزت کرتے ہیں اور ان کے ساتھ ان کے دوستانہ تعلقات ہیں مگر وہ پاکستان کبھی نہیں چھوڑیں گے اور یہیں پر کام کریں گے۔انہوں نے کہا تھا کہ ان کے والد نے جس بھی ملک کا انتخاب کیا، وہ ان کا اپنا ذاتی فیصلہ تھا مگر پاکستان ان کا گھر ہے۔

خیال رہے کہ عدنان سمیع خان نے بھارتی و پاکستانی فلموں کے لیے متعدد گیت گائے، وہ پہلی مرتبہ 13 مارچ 2001 میں ایک سال کے وزٹ ویزے پر بھارت گئے تھے جس کے بعد ان کے ویزا میں متعدد مرتبہ توسیع کی گئی ۔ عدنان سمیع خان کو 2015 میں بھارتی شہریت دینے کا اعلان کیا گیا تھا، اب وہ وہیں مقیم ہیں۔ عدنان سمیع اور زیبا بختیار نے 1993 میں شادی کی تھی بعد ازاں ان دونوں کے درمیان طلاق ہو گئی تھی۔ اذان کی پرورش ان کی والدہ اداکارہ زیبا بختیار نے کی ہے۔
عدنان سمیع نے دوسری شادی 2001 میں عرب خاتون صباح گلادری سے کی جو زیادہ عرصہ نہ چل سکی اور طلاق پر ختم ہوئی۔ اسکے بعد عدنان نے تیسری شادی 2010 میں جرمن نژاد رویا علی خان سے کی جن سے انہیں مئی 2017 میں ایک بیٹی ہوئی اور اب وہ ان کے ہمراہ بھارت میں ہی مقیم ہیں۔

Back to top button