پاکستان اور بھارت کے درمیان آج بڑا ٹاکرا

پاکستانی شاہین بھارتی سورما ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں آج میدان میں اتریں گے ، پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں دبئی میں آمنے سامنے ہوں گی۔
ایک سیر تو دوسرا سوا سیر ہے ، دبئی کرکٹ سٹیڈیم دنیا بھر کے شائقین کرکٹ کی توجہ کا مرکز بن گیا ،میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہوگا ، کپتان بابراعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے ریلیکس رہنا ہے ، دباؤ نہیں لینا۔پاک بھارت ہمیشہ ایک بڑا میچ ہوتا ہے اعصاب پر قابو پانا ہوتا ہے۔
پاکستانی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ہرٹیم کی اپنی قوت ہوتی ہے اور ہماری بائولنگ ہمیشہ اچھی رہی ہے، ہمارے بائولرزاچھے ہیں ، ویرات کوہلی نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان سمیت ہر ٹیم کے خلاف ہماری تیاری مکمل ہو گئی ۔
ان کا کہناتھا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ہم نے کبھی ریکارڈ کے بارے میں نہیں سوچا، ہم ماضی کے ریکارڈ کو نہیں دیکھتے کیونکہ اس سے توجہ ٹورنامنٹ سے ہٹ جاتی ہے۔پاکستان کی 12 رکنی ٹیم میں کپتان بابراعظم ، محمد رضوان، فخر زمان، محمد حفیظ، حیدر علی، شعیب ملک، آصف علی، شاداب خان، عماد وسیم، حسن علی، شاہین آفریدی اور حارث روف شامل ہیں۔
عمران خان نے بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف میچ میں گرین شرٹس کی کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ، پاکستانی ٹیم میں ٹیلنٹ موجود ہے اور ٹیم بھارت کے خلاف کامیاب ہوگی۔
