پاکستان اور ملائیشیا کے مابین مطلوب ملزمان کی حوالگی کا معاہدہ طے

پاکستان اور ملائیشیا نے مطلوب ملزمان کی حوالگی کے حوالے سے معاہدے پر دستخط کر دئیے ہیں۔ معاہدے پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ملائیشین وزیر قانون لیو وی کیانگ نے دستخط کیے جس کے تحت دونوں ملک ایک دوسرے کے مطلوب ملزمان کو واپس بھیج سکیں گے۔ 4 جنوری کے روز ہونے والے معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب میں وزیراعظم عمران خان اور ڈاکٹر مہاتیر محمد بھی موجود تھے۔
معاہدے کے بعد ڈاکٹر مہاتیر محمد نے کہا کہ ’وہ کوئی دہشت گرد ہو کوئی معمولی جرائم پیشہ یا کوئی بھی جس نے ملائیشیا میں کچھ غلط کیا ہو اور پاکستان میں چھپنے کی کوشش کرے گا تو اس کو واپس کیا جا سکے گا۔‘ دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم نے اس سے قبل پترا جایا میں ملاقات کی جس میں بعد ازاں دونوں ملکوں کے وفود بھی شامل ہوئے۔ اس حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ملکوں کی قیادت نے دوطرفہ معاشی تعاون کو فروغ دینے اور مسلم امہ کو درپیش مسائل پر مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’دونوں ملکوں میں ہر سطح پر وفود کے تبادلے اور تعلقات بڑھانے کے لیے مختلف شعبوں میں شراکت داری، تعاون اور عوامی سطح پر رابطے بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔‘ دونوں ملکوں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ دفاع، سکیورٹی، سیاحت اور تعلیم کے شعبے میں تعاون بڑھایا جائےگا۔
واضح رہے کہ پاکستان کے وزیراعظم 2 جنوری کے روزملائشیا کے دورے پر پہنچے۔ ان کو اس دورے کی دعوت ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد نے دی تھی۔ دو روزہ دورے میں وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، کامرس کے مشیر عبدالرزاق داؤد اور سیکریٹری خارجہ سہیل بھی ہیں۔
