پاکستان کا کورونا وائرس ویکسین کی ایڈوانس بکنگ کا فیصلہ

پاکستان نے کورونا وائرس کی ویکسین کی پیشگی (ایڈوانس) بکنگ کا فیصلہ کرلیا۔ اس حوالے سے پارلیمانی سیکریٹری برائے قومی صحت سروسز نوشین حامد نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مختلف ممالک میں کورونا وائرس کی ویکسین پر کام ہورہا ہے اور کئی لوگ اس میں کامیابی کا دعویٰ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جیسے ہی یہ ویکسین بنے گی تو اس کی طلب ہوگی اور لوگ ابھی سے اس کی ایڈوانس بکنگ کروا رہے ہیں تو پاکستان نے بھی 2 کمپنیز کو شارٹ لسٹ کیا ہے اور اس سلسلے میں وزیراعظم عمران خان کی بھی منظوری مل گئی ہے۔ نوشین حامد نے بتایا کہ پاکستان بھی عنقریب ان کمپنیز میں پیشگی ادائی (ایڈوانس پیمنٹ) کرکے بکنگ کروالے گا، اس کے علاوہ جن لوگوں کو یہ ویکسین لگنی ہے ان کے حوالے سے بھی پاکستان نے فیصلہ کرلیا ہے اور انہیں شارٹ لسٹ کرلیا گیا ہے۔ پارلیمانی سیکریٹری کا کہنا تھا کہ تقریباً ایک کروڑ لوگوں کے لیے پہلے مرحلے میں یہ ویکسین لی جائے گی جس میں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز اور 65 سال کی عمر سے بڑے لوگ شامل ہوں گے اور ان کے لیے پہلے مرحلے میں ویکسین باہر سے منگوائی جائے گی۔ اس موقع پر ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے بہت اہم فیصلے لیے جارہے ہیں اور یہ نہیں کہا گیا کہ اسکول بند نہیں کیے جائیں گے بلکہ ابھی صرف ایک ہفتے کے لیے فیصلہ مؤخر کیا گیا ہے اور 23 نومبر کو ہونے والے اجلاس میں یہ امکانات ہیں کہ قبل از وقت سردیوں کی طویل چھٹیوں کا اعلان ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اپنے جلسے فوری طور پر ختم کردیے ہیں جب کہ شادی ہالز میں پابندیوں کو سخت کیا گیا ہے اور مارکیٹ اور فیکٹریز میں ایس او پیز پر سخت عملدرآمد کی ہدایات کی گئی ہیں۔ دوران گفتگو انہوں نے کہا کہ عوام کو آگاہ کیا جارہا ہے کہ اگر ایس او پیز پر عمل درآمد نہیں ہوا تو مزید سخت اقدامات اٹھائے جاسکتے ہیں۔
خیال رہے کہ نئے کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 کی روک تھام کےلیے گزشتہ ہفتے فائرز اور بائیو این ٹیک نے اپنی ویکسین کے انسانی ٹرائل کے تیسرے مرحلے کے ابتدائی نتائج جاری کیے تھے، جس میں اسے بیماری سے تحفظ کےلیے 90 فیصد موثر قرار دیا گیا تھا۔
اس کے بعد روس کی جانب جاری نتائج میں ویکسین کو بیماری سے بچانے میں 92 فیصد موثر قرار دیا گیا تھا تاہم گزشتہ دونوں امریکا کی موڈرینا کمپنی نے انسانی ٹرائل کے تیسرے مرحلے کے نتائج جاری کیے جو گزشتہ ہفتے جاری ہونے والے نتائج کے مقابلے میں زیادہ متاثر کن ہیں۔ موڈرینا کمپنی نے سب سے پہلے رواں سال مارچ میں اپنی ویکسین کا انسانی ٹرائل شروع کیا تھا اور اب آخری مرحلے کے ابتدائی نتائج کے مطابق یہ ویکسین کووڈ 19 سے تحفظ کےلیے لگ بھگ 95 فیصد موثر ہے۔ یہ ابتدائی نتائج 95 مریضوں پر مبنی تھے جن میں کووڈ 19 کی تشخیص ہوئی تھی اور دریافت کیا گیا کہ اس ویکسین کی افادیت 94.5 فیصد ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز اور اموات میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ہوگیا ہے اور ملک میں 17 نومبر کی دوپہر تک مجموعی متاثرین کی تعداد 3 لاکھ 61 ہزار 82 ہے جس میں سے 3 لاکھ 24 ہزار 834 صحت یاب ہوئے ہیں جب کہ 7 ہزار 193 کا انتقال ہوا ہے۔
