پرویز خٹک کی ہٹ دھرمی: بھائی اور بھتیجے نے پارٹی چھوڑ دی


وزیرِ دفاع پرویز خٹک کے ناراض بھائی لیاقت خان خٹک اور ان کے بیٹے احد خان خٹک نے بالآخر تحریکِ انصاف سے راہیں جدا کرلی ہیں اور امید کی جا رہی ہے کہ ان کے ساتھ دیگر کئی ہم خیال ایم پی ایز بھی جلد پارٹی سے بغاوت کرکے پیپلزپارٹی میں شامل ہو جائیں گے۔ اگر ایسا ہو گیا تو یہ پی ٹی آئی کے لئے کسی سیاسی دھماکے سے کم نہیں ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ پرویز خٹک کے بھتیجے احد خٹک نے چند روز قبل سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سےملاقات کی تھی اس لئے امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دونوں باپ بیٹا جلد پیپلزپارٹی میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کریں گے۔ دوسری جانب لیاقت خان خٹک اور ان کے بیٹے احد خان خٹک نے اپنے آبائی گاؤں مانکی شریف میں اہم اجلاس کے دوران پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کیا ہے۔ خیبرپختونخواہ میں تحریک انصاف کے کرتا دھرتا وزیر دفاع پرویز خٹک کے اپنے بھائی لیاقت خٹک سے اختلافات کے بعد صوبے میں پارٹی کا مستقبل تاریک اور حکومت خطرے میں نظر آتی ہے۔

گذشتہ کئی مہینوں سے اطلاعات تھیں کہ خیبرپختونخواہ کے سابق وزیر اعلی اور موجودہ وزیر دفاع پرویز خٹک نے مئی 2021 میں نوشہرہ کے ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی امیدوار کے مقابلے میں ن لیگ کے امیدوار کی حمایت کرکے پارٹی سے بغاوت کرنے والے اپنے چھوٹے بھائی اور صوبائی وزیر لیاقت خٹک کے ساتھ مکمل طور قطع تعلق کر لیا تھا۔ پرویز خٹک اپنے بھائی سے اس قدر ناراض تھے کہ جب انہیں یہ معلوم ہوا کہ وزیراعظم عمران خان انکے بھائی لیاقت خٹک کو معاف کرکے دوبارہ کابینہ میں شامل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو انہوں نے دو ٹوک موقف اپناتے ہوئے وزیراعظم کو صاف صاف بتا دیا کہ ایسے کسی بھی اقدام کی صورت میں وہ پارٹی کو خیرباد کہنے میں ایک لمحہ ضائع نہیں کریں گے۔ اسی لئے لیاقت خٹک کی وزارت کی بحالی کا نوٹیفیکشن جاری نہیں ہو سکا تھا۔

تب سیاسی تجزیہ کاروں نے اس خدشے کا اظہار کیا تھا کہ کہ دونوں بھائیوں میں سے ایک اپنے ساتھیوں سمیت مستقبل قریب میں تحریک انصاف چھوڑ کر جانے پر مجبور ہو گا اور بالآخر لیاقت خٹک نے پی ٹی آئی سے راہیں جدا کرلیں۔ اس آپسی اختلاف کی بڑی وجہ یہ بتائی جاتی ہے کہ دونوں بھائی اپنے بیٹوں کا سیاسی مستقبل سنوارنے کے لیے برسرِ پیکار ہیں لیکن اس لڑائی کے نتیجے میں صوبہ خیبر پختونخواہ میں مسلسل دوسری بار حکومت بنانے والی تحریک انصاف کا سیاسی مستقبل خطرات میں گھر گیا ہے۔ خیبرپختونخوا کی مقامی سیاست پر گہری نظر رکھنے والوں کا خیال ہے کہ لیاقت خٹک کا پارٹی چھوڑنا پی ٹی آئی کے لئے کسی بڑے خطرے سے کم نہیں۔

لیاقت خٹک کے ساتھ اس وقت بیس سے زائد ایم پی ایز رابطے میں ہیں جو مشترکہ سیاسی حکمت عملی اپنانے میں لیاقت خٹک کے ساتھ مستقبل کا سیاسی لائحۂ عمل تشکیل دے چکے ہیں۔ ہوسکتا ہے کہ لیاقت خٹک اور احد خٹک کی طرح درجنوں ایم پی ایز بھی تحریک انصاف چھوڑ کر پیپلز پارٹی جوائن کرلیں۔ بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پرویز خٹک کے بھائی کو منانے کی کوششیں کی تھیں لیکن پھر پرویزخٹک کی ناراضی کے پیش نظر انہوں نے بات آگے نہیں بڑھ آئی جس کے نتیجے میں باپ بیٹا دونوں نے پارٹی چھوڑ دی ہے۔

Back to top button