پنجاب میں تبدیلی، مشاورتی عمل حتمی مراحل میں داخل

پنجاب میں حکومت کی تبدیلی پر مشاورتی عمل حتمی مراحل میں داخل ہوگیا ہے ۔
لندن میں مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیراعظم نواز شریف سے تحریک انصاف کے سابق رہنما عبد العلیم خان اور وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاحت و کھیل عون چوہدری نے ملاقات کی ہے۔
باخبر ذرائع کے مطابق ملاقات پنجاب حکومت کے حوالے سے بات چیت کی گئی ہے جبکہ ملاقات میں مریم نواز بھی موجود تھیں۔ عون چوہدری اس اہم ملاقات میں شرکت کیلئے لندن آئے ہیں۔
ن لیگ کے قائد نواز شریف سے ملاقات کے بعد علیم خان نے میڈیا سے سیاست پر بات کرنے سے گریز کیا اور کہا کہ موسم کی بات پوچھیں، میرا سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ لندن کے موسم کا پاکستان کی سیاست پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
جس کے بعد مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز بھی حسن نواز کے دفتر سے روانہ ہوگئیں اور اس دوران ان سے سوال کیا گیاکہ پاکستان میں کیا ہونے جارہا ہے؟ اس پر مریم کا کہنا تھاکہ میڈیا سے اندر بیٹھ کر بات ہوگی۔
ان کا پنجاب حکومت کی تبدیلی پرکہنا تھاکہ تمام باتیں ابھی بتادوں؟ اتنی بات فیملی سے نہیں ہوتی جتنی میڈیا سے ہوتی ہے۔
