پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی معاہدے پرمذاکرات شروع

پاکستان اور امریکا کے درمیان باہمی تجارتی معاہدے پر مذاکرات واشنگٹن میں شروع ہوگئے۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان اور امریکا کے درمیان "ریسی پروکل ٹریڈ ایگریمنٹ
پر اہم مذاکرات جمعرات اور جمعہ کو واشنگٹن ڈی سی میں جاری ہیں۔
اجلاس میں دوطرفہ تجارت کے فروغ اور تجارتی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔ پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری تجارت جواد پال کر رہے ہیں۔
وفد میں ایڈیشنل سیکرٹری طاہر اندرابی، سیکریٹری او پی ایچ آر ڈی ندیـم چوہدری اور جوائنٹ سیکرٹری ٹیرف پالیسی اشفاق خان بھی شامل ہیں۔ مذاکرات میں دیگر متعلقہ وزارتوں کے نمائندے بھی ورچوئل آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے شریک ہیں۔
مذاکرات کا مقصد پاکستان اور امریکا کے درمیان باہمی تجارت کو مزید فروغ دینا، تجارتی رکاوٹوں میں کمی اور دونوں ممالک کے لیے باہمی مفاد پر مبنی تجارتی فریم ورک کو آگے بڑھانا ہے۔
