معروف گلوکارہ بونی ٹیلر انتقال کر گئیں

برطانیہ کی معروف گلوکارہ بونی ٹیلر 75 برس کی عمر میں پرتگال کے ایک ہسپتال میں انتقال کر گئیں۔
گلوکارہ کے اہل خانہ اور ٹیم نے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پرتگال کے ایک ہسپتال میں زیر علاج تھیں جہاں وہ اچانک انتقال کر گئیں۔ بیان کے مطابق بونی ٹیلر گزشتہ کئی ماہ سے صحت کے سنگین مسائل کا سامنا کر رہی تھیں۔
اپریل میں پیٹ اور کمر میں شدید درد کے باعث انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ان کی ہنگامی آنتوں کی سرجری کی گئی۔ تاہم آپریشن کے بعد ان کی حالت مزید بگڑ گئی اور انہیں شدید انفیکشن سمیت مختلف پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑا۔
رپورٹس کے مطابق مئی 2026 میں انہیں طبی پیچیدگیوں کے باعث مصنوعی بے ہوشی (انڈیوسڈ کوما) میں رکھا گیا تھا۔ اگرچہ بعد میں ان کے ہوش میں آنے کی اطلاعات سامنے آئیں لیکن ان کی صحت مکمل طور پر بحال نہ ہو سکی اور وہ زندگی کی جنگ ہار گئیں۔
