پی پی پی کامرسوں مرسوں سندھو نہ ڈیسوں ریلیاں نکالنے کا اعلان

پاکستان پیپلزپارٹی سندھ نے بھارتی آبی دہشت گردی کے خلاف احتجاج کا فیصلہ کرتے ہوئے اتوار کو صوبے بھر میں مرسوں مرسوں سندھو نہ ڈیسوں ریلیاں نکالنے کا اعلان کردیا۔
پی پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے نعرے کے تحت12جولائی کو سندھ بھر کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں مرسوں مرسوں سندھو نہ ڈیسوں ریلیاں نکالے گی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ پیپلز پارٹی کی تمام ضلعی تنظیمیں اپنے اپنے اضلاع میں پانی پر ڈاکے کے خلاف مرسوں مرسوں سندھو نہ ڈیسوں بھرپور طریقے سے ریلیاں نکالیں۔
پی پی پی سندھ کے صدر نے کہا کہ پاکستان کے لیے سندھو دریا اور پانی ہماری بقا اور زندگی ہے جس کا گلہ گھونٹنے نہیں دیا جائے گا، بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ معطل رکھنا بین الاقوامی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہے، بھارت سندھ طاس معاہدے کو یک طرفہ معطل یا ختم نہیں کرسکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش خطے کے امن کے لیے خطرہ ہوگی، دریائے سندھ سے گذر بسر اور زندگی وابستہ ہے اور دریا کا گلہ گھونٹ کر زندگیاں چھیننے کی کوشش کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
