پنجاب میں 1076 چینی شہریوں کی اسکریننگ مکمل، کورونا وائرس سے محفوظ قرار

پرائمری ایںڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈپارٹمنٹ نے ایک ہزار 76 چینی شہریوں کی اسکریننگ مکمل کرلی ہے اور ان میں کورونا وائرس سے کلیئر قرار دے دیاہے۔
ہیلتھ سیکریٹری ریٹائرڈ کیپٹن محمد عثمان نے کہا کہ اس مقصد کے لیے تعینات ٹیموں نے پنجاب میں موجود 2 ہزار 7 سو 95 چینی شہریوں تک رسائی حاصل کی۔انہوں نے کہا کہ محکمہ داخلہ پنجاب نے محکمہ صحت کو اسکریننگ کے لیے 2 ہزار 7 سو 95 چینی شہریوں کی فہرست ان کے گھر کے پتے اور ملازمت کے مقام کے ساتھ فراہم کی تھی۔سیکریٹری صحت نے کہا کہ دیگر چینی شہریوں کی اسکریننگ بھی جلد از جلد مکمل کی جائے گی جو صوبہ پنجاب کی 50 کمپنیوں کے لیے مختلف عہدوں پر کام کررہے ہیں۔کیپٹن (ر) محمد عثمان نے کہا کہ ان میں سے 150 افراد گزشتہ 15 روز میں چین سے واپس آئے تھے۔
سیکریٹری صحت نے کہا کہ اسکریننگ کے دوران ایک ہزار 76 افراد میں نوول کورونا وائرس کی کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئیں جس نے چین میں تباہی مچائی ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے تنقید کے باوجود چین میں پھیلنے والے ہلاکت خیز کورونا وائرس کے حوالے سے پاکستانیوں کو واپس وطن نہ لانے کے فیصلے پر قائم رہنے کا اعلان کیا تھا۔
