پہلے ڈرامے میں میرا صرف ہاتھ جلوہ گر ہوا،فریال گوہر

پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ ماضی کی اداکارہ فریال گوہر نے شوبز انڈسٹری میں اپنے کیریئر کے آغاز کی دلچسپ کہانی پہلی بار بتا دی۔

نجی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کرتے ہوئے اداکارہ فریال گوہر نے اپنی تعلیم، کیریئر کے آغاز اور شوبز انڈسٹری کی موجودہ صورتِ حال پر کھل کر گفتگو کی۔

میزبان نے سوال کیا کہ اکثر لوگ جاننا چاہتے ہیں کہ آپ اتنی پڑی لکھی ہو کر اداکاری میں کیوں آ گئیں؟ اس وقت تو اتنے پیسے بھی نہیں ملتے تھے۔

جواب میں انہوں نے بتایا کہ میں نے پہلی بار مدیحہ گوہر (بہن اور اداکارہ) کا ہاتھ بن کر انڈسٹری میں قدم رکھا تھا، پی ٹی وی کے ڈرامے میں مدیحہ کے ہاتھ کی جگہ میرا ہاتھ شوٹ کیا گیا۔

فریال گوہر نے بتایا کہ اس ڈرامے سے متعلق کچھ یاد نہیں کیونکہ اس میں نہ میرے مکالمے تھے اور نہ ہی مجھے اس وقت کوئی فرق پڑتا تھا، صرف ہاتھ ہی تو نظر آنا تھا۔

اداکارہ نے کہا کہ مدیحہ جب 1970ء میں کام کر رہی تھیں اس وقت اچھی فیملی کی لڑکیاں انڈسٹری میں نہیں آتی تھیں، ہم بہت پیچھے ہیں لیکن اب اچھے پڑھے لکھے لڑکے لڑکیاں انڈسٹری میں آ رہے ہیں۔

فریال گوہر نے یہ بھی بتایا کہ میں مکمل طور پر انڈسٹری کا حصہ نہیں بنی بلکہ اب حکومتی شعبے سے وابستہ اپنی خدمات انجام دے رہی ہوں، لیکن ابھی بھی شوبز سے وابستہ لڑکیوں کے حوالے سے سوچا اور سمجھا جاتا ہے کہ یہ بہت آزاد ہیں، رات کو شوٹنگ کر سکتی ہیں۔

Back to top button