چوتھا پاکستان نیوزی لینڈ ٹی20 بارش اور ژالہ باری کے باعث منسوخ

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سریز کا چوتھا ٹی ٹوئنٹی میچ شدید بارش اور ژالہ باری کے باعث ختم کردیا گیا۔
پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19ویں اوور کی پانچویں گیند تک 5 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے جہاں میچ روک دیا گیا۔
پاکستان کے اسپنر عماد وسیم نے ابتدا میں نیوزی لینڈ کو زبردست نقصان پہنچایا اور 3 اہم وکٹیں لے اڑے۔
انہوں نے 13 رنز بنانے والے ٹام لیتھم، 6 رنز بنانے والے ول ینگ اور 3 رنز بنانے والے ڈیرل مچل کو آؤٹ کیا۔
تاہم چوتھی وکٹ پر چیڈ بوس اور مارک چیپمین نے 54 رنز کی پارٹنرشپ بنا کی ٹیم کو بڑے ٹوٹل کی جانب گامزن کیا۔
چیڈ بوس 54 رنز بنا کر 108 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے، انہیں شاہین آفریدی نے آؤٹ کیا۔
مارک چیپمین نے رچن رویندرا کیساتھ 56 رنز کی پارٹنر شپ بنائی اور ٹیم کو 164 کے مجموعے تک پہنچایا جہاں 8 رنز بنانے والے رویندرا حارث رؤف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
اس موقع پر پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں بارش اور ژالہ باری ہوئی جس کے باعث میچ روک دیا گیا۔ کچھ دیر بعد امپائرز کی جانب میچ کو منسوخ کرنے کا اعلان کردیا گیا۔
