پیٹرولیم قیمتوں کی ڈی ریگولیشن پالیسی مسترد، پیٹرول پمپ مالکان کا احتجاج اور ہڑتال پر غور

 

 

 

آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے وفاقی حکومت کی جانب سے مجوزہ پیٹرولیم پرائس ڈی ریگولیشن پالیسی کو مسترد کرتےہوئے آئندہ ہفتے احتجاج اور ہڑتال پر غور کا اعلان کردیا ہے۔

ایسوسی ایشن کے چیئرمین نعمان علی بٹ نے اپنے ویڈیو بیان میں کہاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے نظام میں مجوزہ تبدیلیوں پر ملک بھر کے تقریباً 15 ہزار پیٹرول پمپ مالکان کو شدید تحفظات ہیں۔

چیئرمین پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے کہاکہ حکومت اپنی پالیسی پر نظرثانی کرےاور پیٹرول پمپ مالکان پر اضافی بوجھ نہ ڈالا جائے۔آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے ساتھ ریٹس طے کرنےسے قبل تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیاجائے، کیوں کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا نظام صرف ایک فریق کے فیصلے سے نہیں چل سکتا۔

انہوں نے کہاکہ مجوزہ ڈی ریگولیشن پالیسی سے آئل ٹینکرز،ٹرانسپورٹیشن نظام اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے طریقہ کار پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔حکومت کو یکطرفہ فیصلوں کے بجائے پیٹرول پمپ مالکان اور متعلقہ شعبوں کے نمائندوں سے مشاورت کرنی چاہیے۔

نعمان علی بٹ نے خبردار کیاکہ اگر حکومت نے مجوزہ فیصلہ واپس نہ لیا اور تحفظات دور نہ کیےتو ایسوسی ایشن آئندہ ہفتے احتجاج اور ہڑتال کے آپشن پر غور کرےگی۔

انہوں نےکہا کہ پیٹرولیم شعبے سے وابستہ تمام فریقین کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسی پالیسی بنائی جائےجو صارفین،کاروباری افراد اور ملکی معیشت کے مفاد میں ہو۔

یاد رہے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے مشترکہ پریس کانفرنس میں اعلان کیا تھاکہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا نظام تبدیل کرتےہوئے انہیں روزانہ کی بنیاد پر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

حکومت کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں روزانہ مقرر کرنے کا فیصلہ

اس مقصد کے لیے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کو روزانہ قیمتوں کے تعین کا اختیار دیاگیا ہے، جب کہ قیمتیں اوگرا کی ویب سائٹ پر جاری کی جائیں گی۔

 

Back to top button