حکومت کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں روزانہ مقرر کرنے کا فیصلہ

وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا ہے کہ اوگرا روزانہ کی بنیاد پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کرے گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتےہوئے وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہاکہ ایک بار پھر عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں،عالمی منڈی میں خاص طور پر ڈیزل کی قیمت میں بےپناہ اضافہ ہوا ہے،ڈیزل کی قیمت تقریبا 110 ڈالر سے بڑھ کے تقریبا 140 ڈالر کی سطح تک آچکی ہے۔
وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہاکہ خطے میں بڑھتی ہوئی جنگی صورت حال کے باعث عالمی تیل کی منڈی شدید دباؤ کا شکار ہے،جس کے پیش نظر حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر کرنےکا فیصلہ کیاہے۔آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) اب روزانہ کی بنیاد پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا جائزہ لےکر ان کا تعین کرےگی تاکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں تیزی سے آنے والی تبدیلیوں کا بروقت اثر مقامی مارکیٹ میں بھی دیکھا جاسکے۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ خطے میں جنگی کشیدگی بڑھتی ہوئی دکھائی دےرہی ہے،جس کے باعث عالمی توانائی منڈی میں غیریقینی صورت حال اور بحران شدت اختیار کررہا ہے۔حکومت مسلسل عالمی مارکیٹ کی صورت حال پر نظر رکھےہوئے ہے اور عوام کو توانائی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کےلیے ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ عوام کا شکر گزار ہوں کہ بےپناہ تحمل کے ساتھ یہ تکلیف جھیلنے کی کوشش کی،ٹارگٹڈ سبسڈی کا پروگرام جاری رکھےہوئے، عوام پر کسی قسم کا اضافی بوجھ نہیں ڈالاگیا،پٹرولیم قیمتوں پر سبسڈی کا پروگرام آج بھی جاری ہے۔
علی پرویز ملک نےکہا کہ وزیر اعظم اور وفاقی حکومت نے 130 ارب روپے کے وسائل استعمال کر کے لوگوں کو سہارا دینے کی کوشش کی،وزیراعظم اور کابینہ نے فیصلہ کیاکہ اوگرا روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کا تعین کرے گی، اوگرا روزانہ کی قیمتوں کا تعین کرکے ویب سائٹ پر لگایاکرے گی۔آئل سیکٹرمیں ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی پر کارروائی ہوگی۔
آزاد کشمیر بحران: بلاول بھٹو کی مفاہمتی کمیشن بنانے کی تجویز
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ تیل کی قیمتوں کا عالمی منڈی میں بڑھنے کا تعلق خطےمیں کشیدگی بڑھنے سے ہے،مختلف ملکوں سے کارگو منگواکر توانائی ضروریات کو پورا کیاگیا،حکومت کی بہتر پالیسی کی وجہ سے توانائی کی قلت کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
عطا تارڑ نے کہاکہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو کھلی چھوٹ نہیں،آئل مارکیٹنگ کمپنیوں پر سختی جتنی اس وقت ہےپہلےکبھی نہیں تھی،کسی کو ذخیرہ اندوزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
