چینی شہریوں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے : وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ چینی شہریوں کی پاکستان میں سکیورٹی ہماری اولین ترجیح ہے، چین پاکستان کا نہایت قابل اعتماد اور مخلص دوست ہے۔
اسلام آباد میں پاک چین فارماسیوٹیکل بی ٹو بی سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ خطے میں حالیہ بحران نے نہ صرف اس خطے بلکہ پوری دنیاکو متاثر کیا،پاکستان نے خطے میں امن کےلیے اہم کردار ادا کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ شعبہ صحت میں معاہدے چینی اور پاکستانی صنعتکاری کے غیرمتزلزل عزم کا واضح اظہار ہے،صحت کے شعبے میں 44 کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کے 9 معاہدے خوش آئند ہیں،دونوں ممالک کی نجی کمپنیوں کے مابین اشتراک سے پاکستان میں فارماسیوٹیکلز کے شعبوں کو ترقی ملےگی۔
انہوں نے اس سلسلے میں دونوں ممالک کی بزنس کمیونٹی کے علاوہ وفاقی وزیر صحت،معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار، پاکستان میں چین کے سفیر اور چین میں پاکستان کےسفیر کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیاکہ یہ معاہدے عملی شکل اختیار کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے چین کو پاکستان کا سب سے قابل اعتماد اور آزمودہ دوست قراردیتے ہوئے کہاکہ ہرمشکل گھڑی میں چین نے پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور پاکستان کی اقتصادی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے،چین نے تمام عالمی فورمز پر پاکستان کی حمایت کی،سی پیک ون کے تحت 30 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آئی۔
وزیراعظم نے چین کی غیر متزلزل حمایت پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ چینی صدر شی جن پنگ وژنری لیڈر ہیں جنہوں نے چینی معاشرے اور معیشت کو مکمل طور پر بدل دیاہے۔ انہوں نے چینی ترقی کو بےمثال قرار دیتےہوئے کہاکہ چین نے نہ صرف معاشی بلکہ تزویراتی ترقی کے میدان میں بھی اپنا لوہا منوایا ہے۔
آزاد کشمیر بحران: بلاول بھٹو کی مفاہمتی کمیشن بنانے کی تجویز
وزیر اعظم نے چینی عوام کی تعلیم،ریسرچ و ڈویلپمنٹ سمیت ہر شعبے میں بےمثال محنت اور کارکردگی کو بھی سراہا۔
خیال رہے کہ کانفرنس میں پاکستان اور چین کے نجی شعبے کے درمیان فارماسیوٹیکل سے متعلقہ شعبوں کے حوالے سے 44 کروڑ ڈالرز سے زائد مالیت کے 9 معاہدے ہوئے جن میں مقامی سطح پر ویکسین کی تیاری،بائیوٹیکنالوجی،ادویات کی تیاری، ٹیکنالوجی کے تبادلے اور ہیپاٹائٹس سے بچاؤ سے متعلق معاہدےشامل ہیں ۔ اس کے علاوہ حفاظتی ٹیکوں کے قومی پروگرام کے حوالے سے تعاون کا معاہدہ بھی طے پایا۔
