پیپلزپارٹی نے مشکلات میں بھی ہمیشہ جمہوریت کیلئے جدوجہدکی

وزیر خارجہ و پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 9 مئی کے واقعات کو پاکستانی جمہوری تاریخ کا سیاہ باب قرار دے دیا۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے مشکلات کے باوجود ہمیشہ جمہوریت کیلئے جدوجہد کی۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری ان دنوں جاپان کے سرکاری دورے پر ہیں۔ جاپان میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ جمہوری احتجاج کے نام پر فوجی تنصیبات پر حملوں کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، سب کی ذمہ داری ہے کہ صحیح کو صحیح اور غلط کو غلط کہیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے بہت زیادہ مشکلات دیکھیں لیکن کبھی ریڈ لائن کراس نہیں کی، ہمیشہ جمہوریت کے لیے جدوجہد کی۔

خطاب کے موقع پر آصفہ بھٹو زرداری بھی بلاول کے ہمراہ موجود تھیں۔

بلاول نے پیپلز پارٹی جاپان کی جانب سے محترمہ بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔

دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری نے جاپان کے کاروباری افراد سے بھی ملاقات کی جس میں  دوطرفہ تجارتی تعلقات اور کاروباری مواقعوں پر گفتگو کی گئی۔

Back to top button