پی آئی اے کے مزید 23 ملازمین مختلف جرائم پر ملازمت سے برطرف

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے جعلی تعلیمی اسناد، رشوت خوری، اسمگلنگ اور سرکاری ریکارڈ کی چوری میں ملوث ہونے پر 23 ملازمین کو بر طرف کردیا جب کہ دیگر 10 کو تحقیقاتی عمل مکمل ہونے کے بعد الزام سے بری کردیا گیا۔
ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان نے کہا کہ ایئرلائنز کے قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی کی گئی، احتساب کا عمل بغیر کسی دباؤ کے جاری ہے اور یہ نہیں رکے گا۔ عبداللہ خان نے کہا کہ ایئرلائن میں اصلاحات اور احتساب کا عمل آگے بڑھ رہا ہے اور اب تک ملازمتوں سے برطرف کیے گئے ملازمین کی تعداد 700 سے تجاوز کر چکی ہے۔ ایئرلائن کے ہیومن ریسورس ڈپارٹمنٹ کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ نے رواں برس اکتوبر میں39 ملازمین کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا تھا۔ ڈپارٹمنٹ کا کہنا تھاکہ نظم و ضبط کسی بھی ادارے کا سب سے اہم پہلو ہے جو ملازمین کو پابند کرتا ہے اور انہیں ادارے کے اصول و ضوابط پر عمل کرنے کی تحریک دیتا ہے۔ اس کے علاوہ نظم و ضبط اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ افراد کام کی جگہوں پر ہم آہنگی برقرار رکھیں اور تنظیمی اہداف کے حصول کےلیے بطور ٹیم کام کرتے رہیں۔ ڈپارٹمنٹ کا کہنا تھا کہ نظم و ضبط کسی ادارے کی شہ رگ ہوتی ہے اس لیے محنتی اور پر عزم ملازمین کو سراہنا اور قانون کے مطابق غیر جانبدار اور شفاف انکوائری کے بعد مجرم پائے گئے ملازمین کو سزا دینا اہم ہے۔ ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ قومی ایئرلائن نے 5 ملازمین کو جعلی تعلیمی اسناد پر برطرف کیا جب کہ 6 کے خلاف بغیر نوٹس ڈیوٹی سے طویل رخصت پر کارروائی کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ ایک اور ملازم کو غیر قانونی طور پر سرکاری معلومات فراہم کرنے جب کہ دیگر 2 کو بدعنوانی اور غبن کرنے پر نکالا گیا۔ علاوہ ازیں 3 ملازمین کو غیر اخلاقی اور غیر قانونی غلط کام میں ملوث ہونے پر سزا دی گئی، ایک ملازم کو اسمگلنگ کرنے پر ادارے سے فارغ کیا گیا جب کہ 5 کو سرکاری ریکارڈ تلف کرنے اور چوری کرنے پر ملازمت سے ہاتھ دھونے پڑے۔ ان کے ساتھ ساتھ پی آئی اے نے احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے پر 3 ملازمین کے عہدے میں تنزلی کردی جب کہ دیگر 5 ملازمین کو اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز کی خلاف ورزی پر تنخواہ میں کمی کی سزا دی گئی۔
ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ 7 ملازمین کو عدم اطمینان کے خطوط ارسال کیے گئے ہیں جب کہ 10 ملازمین بے گناہ پائے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ انتظامیہ نے 11 ملازمین کو ان کی پیشہ ورانہ لگن اور عزم پر تعریفی اسناد جب کہ 5 کو اپنی ذمہ داریوں سے بڑھ کر فرائض کی انجام دہی پر نقد انعام سے نوازا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button