پی ایس ایل 6:ملتان سلطانز کا کراچی کنگز کو جیت کیلئے 196 رنز کا ہدف

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 6 آج کھیلے جارہے پہلے میچ میں ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کراچی کنگز کو جیت کےلیے 196 رنز کا ہدف دے دیا۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے پی ایس ایل 6 کے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت پر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ آج کھیلے جارہے اس میچ میں کراچی کنگز کی قیادت عماد وسیم جب کہ ملتان سلطانز کی کپتانی محمد رضوان کر رہے جب کہ دونوں ٹیموں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور پرانے کمبی نیشن کو برقرار رکھا گیا۔ میچ کے آغاز میں ہی ملتان سلطانز نے جارحانہ انداز اپنایا اور 4 اوورز میں ہی بغیر کسی نقصان کے 49 رنز بنا لیے، تاہم پانچویں اوور کی دوسری گیند پر اوپنر کرس لین 14 گیندوں پر 32 رنز بنا کر عماد وسیم کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ تاہم اس کے بعد بھی ملتان نے جارحانہ انداز میں کھیل جاری رکھا اور 6 اوورز کے پاور پلے میں ایک کھلاڑی کے نقصان پر 72 رنز بنا لیے۔ اس کے بعد محمد رضوان اور ونس نے ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا تاہم 12 ویں اوورز کی پہلی گیند پر کپتان محمد رضوان 123 کے مجموعی اسکور پر 43 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ رضوان کے آؤٹ ہونے کے بعد اگلی دو وکٹیں 25 رنز کے اندر گر گئی اور 133 پر ونس 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جب کہ 148 پر رائلی روسوں پویلین لوٹ گئے۔ 148 پر 4 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد صہیب مقصود اور خوشدل شاہ نے اسکور کو آگے بڑھایا اور 17 اوورز میں ٹیم کا اسکور 173 تک پہنچا دیا۔ جس کے بعد آنے والے کھلاڑی کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھاس سکے اور 173 پر خوشدل شاہ 6 رنز بنا کر بولڈ ہوگئے، ان کےبعد اگلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شاہد آفریدی تھے جنہوں نے 5 گیندوں پر 3 رنز بنائے۔ آخری اوورز میں کراچی کنگز نے بہتر باؤلنگ کرتے ہوئے ملتان سلطانز کو 200 رنز بنانے سے روکا اور ملتان کی ٹیم 20 اوورز میں6 کھلاڑیوں کے نقصان پر 195 رنز بنا سکی۔ کراچی کنگز کی جانب سے ارشد اقبال نے 2 جب کہ عماد وسیم، محمد عامر، وقاص مقصود اور ڈینیئل کرسچیئن نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ 6 کا میلہ زور و شور سے جاری ہے اور شائقین کو ہر روز سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کی بات کی جائے تو کراچی کو اگرچہ میزبان ہونے کی وجہ سے شائقین کی زیادہ حمایت حاصل ہے تاہم ملتان سلطانز کے فینز بھی اپنی ٹیم کو بھرپور انداز میں سپورٹ کر رہے ہیں۔ دونوں ٹیموں کی ایونٹ میں اگر اب تک کی کارکردگی کو دیکھیں تو کراچی کنگز نے اب تک 2 میچز کھیلے ہیں جس میں اسے ایک میں فتح اور ایک میں شکست حاصل ہوئی ہے جب کہ ملتان سلطانز کی ٹیم 3 میچز کھیل چکی ہے جس میں اس نے ایک میں فتح اپنے نام کی ہے۔ گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز کی ٹیم نے لاہور قلندرز کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنی فتح کا آغاز کیا تھا۔ وہیں اگر کراچی کنگز کی بات کریں تو وہ دفاعی چیمپپیئن ہے اور اس نے ابتدائی میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دی تھی لیکن دوسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
