پی ٹی آئی والوں کو منہ پر فلٹریشن پلانٹ لگانے کا مشورہ

وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی وسینیٹر شیری رحمان نے سابق وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک سیاسی جماعت کا لیڈر فسطائیت پھیلا رہا ہے، تحریک انصاف کو چاہیئے کہ اپنے منہ پر فلٹریشن پلانٹ لگائیں ورنہ لوگ خود اس گٹر کو بند کریں گے۔

وفاقی دارالحکومت میں خواتین کو ہراساں کرنے کے موضوع پرتقریب سےخطاب میں شیری رحمان نے کہا اس عمل کی کوئی مہذب معاشرہ اجازت نہیں دیتا، ہم کسی گالم گلوچ بریگیڈ کو فروغ نہیں دے سکتے ہیں، تحریک انصاف اخلاقیات کا جنازہ نکال رہی ہے، جو بدتہذیبی اور بداخلاقی مریم اورنگزیب کے ساتھ ہوئی وہ کسی کے ساتھ بھی ہو سکتی ہے۔

شیری رحمن تحریک انصاف کے رہنما قائد اعظم کے پاکستان میں فسطائیت کو ہوا دے رہے ہیں، یہ عمران خان کی تقریروں اور بیانیہ کے ثمرات ہیں، ہمارا مذہب اور معاشرہ عورتوں کے ساتھ اس طرح کے رویہ کی اجازت نہیں دیتا۔

انہوں نے کہا تحریک انصاف اس طرح کی آلودگی پر فلٹر لگائے ورنہ معاشرہ خود اس کا احتساب کرے گا۔

شیری رحمان کا کے پی کے وزیر حوالہ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے وزیر نے ایسے الفاظ کہے کہ بتا بھی نہیں سکتی، یہ شرم بھی محسوس نہیں کرتے، ہماری پارٹی میں تو ایسے لوگوں کو نکال دیا جاتا ہے، آپ اس پر کوئی ندامت تو کریں معافی تو خدا بھی دے دیتا ہے، لیکن معافی نہیں اس پر ڈھٹائی کی جاتی ہے۔

Back to top button