پی ٹی آئی کی کپتان کو ایک نمبر ثابت کرنے کی دو نمبری پکڑی گئی


پاکستان تحریک انصاف کی سوشل میڈیا ونگ کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو سال 2020 کی اہم ترین شخصیت ثابت کرنے کے لیے کی گئی دو نمبری بی بی سی نے پکڑ لی۔پاکستان میں سرکاری ذرائع ابلاغ پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان ہوں یا حکمران جماعت کے رہنماؤں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ۔۔۔ جہاں نظر دوڑائیں ‘دی مسلم 500’ میگزین میں وزیرِ اعظم عمران خان کو بہترین شخصیت کا خطاب دیے جانے پر جشن کا سماں ہے۔
بظاہر ایسا تاثر دیا جا رہا ہے کہ جیسے دنیا کے 500 بااثر مسلمانوں کی فہرست میں عمران خان پہلے نمبر پر ہیں اور یہ کوئی تازہ واقعہ ہے۔ تاہم بی بی سی نے حکومتی ڈھول کا پول کھول دیا ہے اور یہ انکشاف کیا ہے کہ دراصل یہ فہرست اب سے دس ماہ پہلے اکتوبر 2019 می اردن کے دی رائل اسلامک سٹریٹجک سٹڈیز سینٹر نے ’دی مسلم 500‘ میگزین میں شائع کی تھی اور ’مین آف دی ایئر‘ یا سال 2020 کی بہترین شخصیت کا خطاب عمران خان کو نہیں بلکہ مولانا تقی عثمانی کو دیا تھا۔
دراصل وزیرِ اعظم عمران خان کو 2018 میں اقتدار میں آنے کے بعد انڈیا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کی بہتری کی پیشکش، تنازعات کے پر امن حل اور امن و امان کے قیام کے حوالہ سے کیے گئے اقدامات کی وجہ سے سال کی بہترین شخصیات میں شامل کیا تھا جن میں جنرل قمر جاوید باجوہ بھی شامل تھے۔
مزے کی بات یہ ہے کہ یہ خبر 2019 میں بھی حکمران جماعت کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے شیئر کی گئی تھی۔ جب اس سلسلے میں بی بی سی نے تحریکِ انصاف کی سوشل میڈیا ونگ کے سربراہ محمد کامران سے رابطہ کیا تو انہوں نے 10 ماہ پرانی خبر کو نیا بنا کر اور مفتی تقی عثمانی کی جگہ عمران خان کو مین آف دی ایئر قرار دینے پر اظہارِ شرمندگی کی بجائے یہ مؤقف اختیار کیا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کے بارے میں اچھی چیزیں بار بار شئیر کرنا ان کی سوشل میڈیا پالیسی کا حصہ ہے۔
23 اکتوبر کو تحریکِ انصاف کے سرکاری ٹوئٹر ہینڈل سے یہ پرانی خبر دوبارہ شئیر کی گئی تو اتنا پھیلی کہ ٹویٹر پر
#PMIKMuslimManOfYear "The Muslim 500” ٹرینڈ کرنے لگا۔ اس ٹرینڈز میں مجموعی طور پر اب تک تقریباً 75 ہزار سے زائد ٹوئیٹس کی جا چکی ہیں لیکن کسی نے یہ جاننا مناسب نہیں سمجھا کہ یہ فہرست دراصل کب مرتب ہوئی اور شائع کب کی گئی۔ اس سے بڑھ کر شاید یہ بات ہے کہ جو پاکستانی شخصیت اس فہرست میں اول نمبر پر بتائی گئی ہے وہ عمران خان نہیں۔اس فہرست میں پہلے 50 افراد میں اول نمبر پر مفتی تقی عثمانی ہیں۔ اب کوئی تحریک انصاف کی سوشل میڈیا ونگ سے پوچھے کہ جھوٹ کی یہ دکان سجانے کا کیا فائدہ جو کپتان کے لئے صرف شرمندگی کا باعث بنی ہے۔
میگزین کے مطابق دنیا کی 500 اہم ترین شخصیات میں پہلے نمبر پر مفتی تقی عثمانی کو رکھنے کے علاوہ عمران خان، جنرل باجوہ، مولانا طارق جمیل، اور ڈاکٹر طاہر القادری کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ اس لسٹ پر نظر ڈالی جائے تو بخوبی اندازہ ہو جاتا ہے کہ یہ فہرست دینے والے میگزین کی اپنی ساکھ کیا ہوگی؟

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button