پی ٹی وی کا شعیب اختر ، ڈاکٹر نعمان میں تلخ کلامی کا نوٹس

پی ٹی وی نے سپورٹس شو کے دوران میزبان ڈاکٹر نعمان اور مہمان شعیب اختر کے درمیان تلخی کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے ، آج اجلاس کے دوران تحقیقاتی کمیٹی ڈاکٹر نعمان نیاز اور شعیب اختر کے مابین پیدا ہونے والی تلخی پر تحقیقات کرے گی۔


سپورٹس شو کے دوران تنازع کے حوالے سے پی ٹی وی سپورٹس کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے بھی اس حوالے سے بیان جاری کرتے ہوئے بتایا گیا کہ پی ٹی وی انتظامیہ نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔26 اکتوبر کی شب پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ کے دوران شعیب اختر پی ٹی وی سپورٹس کے پروگرام ’گیم آن ہے‘ میں شریک ہوئے تھے۔

ڈاکٹر نعمان نیاز جوکہ شو کے میزبان تھے نے شعیب اختر سے سوال کیا تاہم ان کے تجزیے کے دوران ہی اینکر نے تلخ رویہ اپناتے ہوئے انہیں شو چھوڑ کر جانے کو کہا تھا اور بعدازاں شعیب اختر شو چھوڑ کر چلے گئے تھے۔

شعیب اختر نے پروگرام میں تجزیہ کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی حارث رؤف کی تعریف کی اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم لاہور قلندرز کو کریڈٹ دینے کی بات کی لیکن انہوں نے بعدازاں غلطی سے شاہین شاہ آفریدی کا نام لے لیا۔


راولپنڈی ایکسپریس نے کہا کہ عاقب جاوید شاہین آفریدی کو لے کر آئے اور انہیں پلیئر ڈیولپمنٹ پروگرام کا حصہ بنایا‘ جس پر نعمان نیاز نے شعیب اختر کی بات کو کاٹتے ہوئے کہا کہ شاہین آفریدی پاکستان کے لیے انڈر 19 کھیل چکے تھے۔

شعیب اختر نے کہا تھا کہ میں حارث رؤف کی بات کر رہا ہوں جس پر نعمان نیاز نے اپنی بات کو دہراتے ہوئے کہا کہ ’شاہین شاہ آفریدی پہلے پاکستان کے لیے کھیل چکے تھے۔

Back to top button