پی ڈی ایم کا چیئرمین سینیٹ کےلیے یوسف رضا گیلانی کے نام پر اتفاق

پی ڈی ایم نے چیئرمین سینیٹ کےلیے یوسف رضا گیلانی کے نام پر اتفاق کرلیا ہے۔ مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری، محمود خان اچکزئی، آفتاب شیر پاؤ، عثمان کاکڑ، ساجد میر، میاں افتخار حسین، یوسف رضا گیلانی، شاہد خاقان عباسی، راجہ پرویز اشرف بھی شریک ہوئے، سابق وزیراعظم نواز شریف لندن سے ورچوئلی شریک ہیں۔
اجلاس میں چیئرمین اور ڈپٹی چیرمین سینیٹ کےلیے مشترکہ امیدواروں، لانگ مارچ کی تیاریوں و حکمت عملی، وزیراعظم کے اعتماد کے ووٹ کے بعد کی صورتحال اور مجموعی ملکی سیاسی حالات پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران لانگ مارچ کےلیے قائم خصوصی کمیٹی نے سفارشات پیش کیں، سفارشات میں کہا گیا ہے کہ لانگ مارچ 26 مارچ کو کراچی سے ایک عوامی اجتماع کے ساتھ شروع کیا جائے، تمام جلوس 30 مارچ کی سہ پہر 3 بجے تک اسلام آباد پہنچیں گے، تمام جماعتیں زیادہ سے زیادہ افراد کو لانے کےلیے پوری طرح متحرک ہوں، تمام جماعتیں اپنے اخراجات خود برداشت کریں گی۔ کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ لانگ مارچ کےلیے لوگوں کو متحرک کرنے کےلیے ایک مشترکہ نظم تیار کیا جائے، تاجروں ، کسانوں اور مزدور یونینوں سے رابطہ کیا جائے اور انہیں مکمل طور پر متحرک کیا جائے، دھرنے کے مقام پر شرکاء کے پہنچنے سے قبل انتظامات کئے جائے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ چار روز بعد چیئرمین سینیٹ کے انتخابات ہونا ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ چیئرمین سینیٹ کا الیکشن جیت کر ایک اور فتح اپنے نام کریں، پیپلزپارٹی پی ڈی ایم کے روڈ میپ کے ساتھ کمٹڈ ہے۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے اجلاس کے دوران سینیٹ کے چیئرمین کےلیے یوسف رضا گیلانی کے نام پر اتفاق کرلیا گیا۔ پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے قیام کا مقصد حکومت کا حصول نہیں بلکہ اسٹیبلشمنٹ کے سیاسی کردار کا خاتمہ ہے، یوسف رضا گیلانی کو شاندار کامیابی پر مبارکاد پیش کرتا ہوں، بلاول بھٹو زرداری نے ٹھیک کہا تھا کہ یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کا اثر ملکی سیاست پر ہوگا، ان کی کامیابی نے حکمرانوں کی جڑیں کھوکھلی کر دی ہیں۔ پیپلزپارٹی سینیٹ چیئرمین کےلیے یوسف رضا گیلانی کا نام پیش کرے، مسلم لیگ (ن) ساتھ دے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button