چودھری شجاعت کی طبیعت ناساز، نواز شریف کا چودھری سالک کو فون

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے بعد سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف اور ان کی بیٹی مریم نواز نے بھی چوہدری سالک حسین سے فون پررابطہ کیا ہے۔نوازشریف اورمریم نواز نے چوہدری سالک سے ان کے والد چوہدری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی۔
اس حوالے سے نواز شریف کا کہنا تھاکہ چوہدری شجاعت حسین وضع داری کی علامت ہیں۔مریم نے کہا کہ ہم سب ان کی جلد صحت یابی کیلئےدعا گوہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے بھی چوہدری سالک کو فون کرکے چوہدری شجاعت کی خیریت دریافت کی تھی جبکہ حمزہ شہباز نے ہسپتال جاکر چودھری شجاعت حسین کی تیمارداری کی تھی۔ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین کی لاہور کے مقامی اسپتال میں جا کر عیادت کی۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی بھی وہاں موجود تھے، حمزہ شہباز نے چوہدری شجاعت حسین سے ان کی خیریت دریافت کی، پرویز الہٰی نے چوہدری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کرنے پر حمزہ شہباز کا شکریہ ادا کیا۔ چوہدری شجاعت حسین کے صاحبزادے سالک حسین سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ چوہدری شجاعت سینیئر سیاست دان اور نہایت نفیس انسان ہیں، ان کی مکمل صحت یابی اور تندرستی کے لیے دعا گو ہوں۔حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ چوہدری برادران کی فیملی سے ہمارا احترام کا رشتہ ہمیشہ قائم رہےگا۔
