چوہدری شجاعت کا عمران کو اسمبلی میں واپس جانے کا مشورہ

پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت نے عمران خان کو قومی اسمبلی میں واپس آنے کا مشورہ دیتے ہوئےکہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہونے چاہئیں۔

چوہدری شجاعت حسین نے پاکستانی نژاد امریکی کاروباری شخصیت نوید انور چوہدری کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جس میں وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ ، سینیٹر مشاہد حسین سید اور چوہدری شافع حسین سمیت دیگر سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔

بعدازاں انہوں نے سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں سیاسی و معاشی استحکام ناگزیر ہے اور آئندہ عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہونے چاہئیں۔انہوں نے زور دیا کہ عمران خان سمیت سب کو اسمبلی میں واپس آنا چاہیے، کیونکہ عوام نے انہیں منتخب کرکے بھیجا ہے وہ دیکھ رہے ہیں کہ ہمارے نمائندے کیا کررہے ہیں، اگر انہوں نے صرف تنخواہ اور دیگر مراعات لینی ہیں تو اس کا کچھ فائدہ نہیں ہے۔

انکا کہنا تھا کہ نہ فوج نے آنا ہے نہ کسی اور نے آنا ہے، اگر یہ وقت گزر گیا تو پھر کسی کے ہاتھ نہیں آئے گا، ہم سب پاکستان کے لیے کام کریں گے تو بچ جائیں گے، اگر ہم اکٹھے نہ ہوئے تو سب کی تباہی ہوگی، ہم سمجھ جائیں گے تو آئی ایم ایف پیسے دے گا، اگر ہم نے سیاست کو نہ سنبھالا تو ایک پیسہ نہیں آئے گا۔

ق لیگ کے صدر نےایک سوال کے جواب میں کہا کہ کیا انتخابات مہنگائی بیروزگاری کے خاتمہ میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں؟ سب پارٹیوں کی بات چھوڑ کر پاکستان کی بات کریں، پاکستان کی بات ہوگی تو پارٹیاں رہیں گی اور چلیں گی، اگر ہم سمجھے نہیں تو نہ ملک چلے گا اور نہ پارٹیاں چلیں گی۔

چوہدری شجاعت نے کہا کہ میں نے اپنی پارٹی کو کہا ہے کہ اپنی نہیں پاکستان کی بات کی جائے،  بہت سی طاقتیں پاکستان کو تباہ کرنا چاہتی ہیں، وہ طاقتیں خطہ میں بھارت کی بالادستی چاہتی ہیں، دشمن ممالک کے سامنے اپنا ریٹ بڑھانے والوں کے خلاف سخت رویہ اختیار کیا جانا چاہیے۔

Back to top button