رضا باقرکی مدت مکمل،مرتضیٰ سید قائم مقام گورنراسٹیٹ بینک مقرر

حکومت نے اسٹیٹ بینک کے سینئر ترین ڈپٹی گورنر ڈاکٹر مرتضیٰ سید کو قائم مقام گورنر مقرر کردیا گیاہے۔
وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک پیغام میں بتایا کہ گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر کی 3 سالہ میعاد آج ختم ہو رہی ہے،میں نے رضا باقر سے بات کی ہے اور انہیں حکومت کے فیصلے کے بارے میں بتایا ہے۔قانون کے مطابق نئی تعیناتی تک سینئر ترین ڈپٹی گورنر عہدہ سنبھالیں گے۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھامیں پاکستان کے لیے خدمات انجام دینے پر رضا باقر کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں،میں رضا باقر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔
مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا ڈاکٹر مرتضیٰ سید کا آئی ایم ایف کے ساتھ کام کرنے کا وسیع تجربہ ہے، وہ ایک معروف ماہر معاشیات ہیں جو گورنر اسٹیٹ بینک کا عہدہ سنبھالیں گے۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے مئی 2019 میں تین سال کے لیے ڈاکٹر رضا باقر کو اسٹیٹ بینک کا گورنر مقرر کیا تھا۔فنانس ڈویژن سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق رضا باقر کی تقرری اسٹیٹ بینک ایکٹ 1956 کے سیکشن 10 (3) کے تحت تین سال کے لیے کی گئی تھی۔
رضاباقرگورنر اسٹیٹ بینک تعینات ہونے سے قبل رومانیہ میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے مشن سربراہ کے طور پر فرائض انجام دے چکے ہیں،وہ آئی ایم ایف کے ساتھ بطور ڈیٹ پالیسی ڈویژن وابستہ رہ چکے ہیں۔انہوں نےہارورڈ یونیورسٹی سے گریجوایٹ کیا اور بعد ازاں کیلی فورنیا یونیورسٹی، بارکلے سے اقتصادیات میں ‘پی ایچ ڈی’ کی،وہ عالمی بینک، میساچیوسیٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اور سوئٹزرلینڈ کی یونین بینک کے ساتھ بھی کام کر چکے ہیں۔
دوسری طرف تحریک انصاف کی جانب سے حکومت کے اس فیصلے پر شدید تنقید کی گئی ہے۔
پی ٹی آئی کے رہنما شہباز گل نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک بیان میں کہا کہ ایف بی آر نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تاریخ کی بلند ترین ٹیکس وصولیاں کیں لیکن چیئرمین ایف بی آر کو ہٹا دیا گیا۔
شہباز گل کا کہنا تھا کہ ایف بی آر نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تاریخ کی بلند ترین ٹیکس وصولیاں کیں لیکن چیئرمین ایف بی آر کو ہٹا دیا گیا،وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل نے اعتراف کیا کہ رضا باقر غیر معمولی قابل آدمی ہیں، بہترین کام کیا اور اب انہیں بھی ہٹا دیا گیا۔
پی ٹی آئی رہنما نےدعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ اللّٰہ رحم کرے پاکستان پر، حکومت کا نوٹ چھاپنے،قرض کے ڈالر مارکیٹ میں جھونک کر ڈالر کی قیمت کم کرنے کا پلان ہے۔
تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہے کہ رضا باقر کو ہٹا دیا گیا ہے،رضا باقر جیسے پروفیشنل شخص کی موجودہ کرپٹ حکومت میں کوئی جگہ نہیں ہے
فواد چوہدری نےامید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ رضا باقر عمران خان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد پاکستان کا اثاثہ ثابت ہوں گے۔

Back to top button