ڈینگی کیسز میں خطرناک اضافہ ، تعداد 11 ہزار سے بڑھ گئی
ملک میں ڈینگی کے کیسوں میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے ، وفاقی دارالحکومت میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔پنجاب میں ڈینگی کیسز کی تعداد 11 ہزار سے تجاوز کرگئی ، آج مزید 552 مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔
ڈی ایچ او اسلام آباد ڈاکٹر ضعیم ضیاء نے بتایا ڈینگی کے مزید 91 کیسز سامنے آ گئے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 3 ہزار 83 تک جا پہنچی ہے ، اسلام آباد کے مجموعی کیسز میں سے 1824 کا تعلق دیہی جبکہ 1259 کا شہری علاقوں سے بتایا جا رہا ہے۔
ڈینگی کے سب سے زیادہ 757 کیسز ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی میں درج کیے گئے ، فیڈرل جنرل ہسپتال میں335، پمز میں 282 ،پولی کلینک میں 108، بینظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی میں 144،ڈی ایچ کیو ہسپتال راولپنڈی میں37 مریض لائے گئے۔
نجی ہسپتالوں و لیبارٹریز میں بھی 1400 سے زائد مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی۔واضح رہے کہ اسلام آباد میں ڈینگی سے اب تک 11 افراد انتقال کرچکے ہیں۔
