کترینہ کیف نے اپنی شادی کی خبروں پر چپ توڑ دی

بھارتی اداکارہ کترینہ کیف نے اپنی شادی کی خبروں پر چپ توڑتے ہوئے سوال کیا ہے کہ میری شادی کی افواہیں کون اڑا رہا ہے کیونکہ مجھے خود اس حوالے سے کچھ معلوم نہیں، انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ یہ خبریں کس نے اور کیوں پھیلائی ہیں؟
یاد رہے کہ ٹائمز آف انڈیا اور ہندوستان ٹائمز سمیت متعدد معروف بھارتی اخبارات نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ کترینہ کیف اگلے ماہ میں پیا گھر سدھار جائیں گی۔ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ کترینہ کیف ساتھی اداکار وکی کوشل سے شادی کی تیاری میں مصروف ہیں جبکہ انہوں نے شادی کے ملبوسات کی تیاری کے احکامات تک دے دیئے گئے ہیں۔ تاہم ایسی خبریں شائع ہونے کے بعد اب کترینہ کیف نے پوچھا ہے کہ میڈیا کو کس نے بتایا کہ وہ شادی کر رہی ہیں؟
کترینہ کیف نے واضح کیا کہ وہ دسمبر 2021 میں شادی نہیں کرنی جا رہی ہیں اور انہیں نہیں معلوم کہ ان سے متعلق خبریں کس نے اور کیوں پھیلائیں؟ اداکارہ نے اپنی شادی سے متعلق جھوٹی خبریں پھیلنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ 15 سال سے یہی سوال کر رہی ہیں کہ ان کی شادی کی خبریں کون پھیلاتا ہے؟ انہوں نے واضح کیا کہ وہ دسمبر میں شادی نہیں کرنے جا رہیں اور ان سے متعلق شائع خبروں میں کوئی سچائی نہیں۔اگرچہ انہوں نے دسمبر میں شادی کی خبروں سے انکار کیا تاہم انہوں نے واضح طور پر وکی کوشل سے تعلقات یا مستقبل میں ان سے شادی پر کوئی بات نہیں کی۔وکی کوشل اور کترینہ کیف کے درمیان تعلقات کی خبریں گزشتہ دو سال سے جاری ہیں اور انہیں بعض تقریبات میں ایک ساتھ دیکھا بھی گیا ہے۔ رواں برس جون میں اداکار انیل کپور کے بیٹے اداکار ہرش وردھن نے ایک ٹی وی شو میں کہا تھا کہ ان کا خیال ہے کہ وکی کوشل اور کترینہ کیف کے درمیان تعلقات کی خبریں غلط نہیں بلکہ درست ہیں اور وہ ایک جوڑے کے طور پر زندگی گزار رہے ہیں۔
علاوہ ازیں بھارتی میڈیا میں بھی ان کے تعلقات کے حوالے سے خبریں شائع ہوتی رہی ہیں تاہم دونوں نے کبھی واضح طور پر ایک دوسرے سے محبت کا اظہار نہیں کیا۔وکی کوشل سے قبل کترینہ کیف کا نام چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور جبکہ اس سے قبل سلمان خان کے ساتھ بھی جوڑا جاتا رہا ہے۔حال ہی میں وکی کوشل کی ریلیز ہونے والی فلم ’سردار ادھم‘ کے بعد ان کے تعلقات، منگنی اور شادیوں کی افواہوں میں اضافہ ہوا ہے۔ یاد رہے کہ بھارتی جیوری نے فلم ’’سردار ادھم‘‘ کو آسکر 2022 کے لیے ملک کی باضابطہ انٹری کے طور پر منظور نہیں کیا کیونکہ ان کے مطابق فلم برطانویوں کے خلاف نفرت پھیلاتی ہے ، شوجیت سرکار کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم ایک انقلابی آزاد پسند ’’سردار ادھم سنگھ‘‘ کی زندگی پر مبنی ہے۔
