کترینہ کیف نے چھوٹی عمر کے لڑکے سے شادی کیوں کی؟

پاکستانی معاشرے میں شادی کرتے ہوئے اکثر یہ بات ذہن میں رکھی جاتی ہے کہ مرد اور عورت کے درمیان عمر کا فرق کتنا ہے۔ پاکستان میں یہ رواج عام ہے کہ شادی کے لیے عورت کی عمر مرد سے چند سال کم ہی ہونی چاہیے۔ اگر کوئی مرد اپنے سے کچھ سال بڑی عمر کی عورت سے شادی کر لے تو اسے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ یہی نہیں بلکہ اگر کوئی لڑکی کسی ادھیڑ عمر مرد سے شادی کر لے تو اسے بھی اکثر لوگ عزت کی نگاہ سے نہیں دیکھتے ہیں۔ ایسے جوڑوں پر طرح طرح کے جملے کسے جاتے ہیں اور کبھی ان کی پیٹھ پیچھے اور کبھی ان کے سامنے ہی ان کو برا بھلا کہہ کر تضحیک کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔
لیکن ہمسایہ ملک بھارت میں اب یہ روایت ٹوٹ رہی ہے اور بڑی عمر کی امیر اور خوبصورت اداکارائیں چھوٹی عمر کی اداکاراؤں سے شادیاں کر رہی ہیں، چاہے وہ ایشوریا رائے ہو، پریانکا چوپڑا ہو یا قطرینہ کیف۔ بھارتی شوبز انڈسٹری میں اسی ٹرینڈ پر تبصرہ کرتے ہوئے ہوئے بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے کترینہ کیف کی اپنے سے کم عمر اداکار وکی کوشل سے شادی کی مثال دی ہے۔ اپنی انسٹا گرام اسٹوری میں کنگنا نے لکھا ہے کہ ’ہم نے یہ کافی سنا ہے کہ ایک کامیاب اور امیر ترین شخص نے اپنے سے چھوٹی عمر کی لڑکی سے شادی کر لی لیکن اگر کوئی خاتون اپنے سے کم عمر شخص سے شادی کر لےتو معاشرے میں اسے بہت برا سمجھا جاتا ہے۔ اداکارہ نے مزید کہا کہ ماضی میں ایک خاص عمر کے بعد کم عمر مرد سے شادی کرنا عورتوں کے لیے ناممکن تھا، بالی ووڈ کی معروف خواتین کو دیکھ کر خوشی ہے کہ وہ اپنے سے کم عمر مرد سے شادی کررہی ہیں’۔
یاد رہے کہ کترینہ کیف 38 برس کی ہیں جبکہ وکی کوشل کی عمر 33 سال ہے۔ یعنی کترینہ اور وکی کوشل کی عمر میں پانچ سال کا فرق ہے۔ اس سے پہلے کترینہ کیف 15 برس تک اپنے سے بارہ سال بڑے پچاس سالہ سلمان خان کی گرل فرینڈ رہی ہیں۔ بعد ازاں وہ اداکار رنبیر کپور کی گرل فرینڈ بن گئی تھیں لیکن جب وہ عالیہ بھٹ کی طرف مائل ہوئے تو دوبارہ سلمان خان کی طرف آ گئیں۔ تاہم کترینہ نے شادی کے کیے وکی کوشل کو چنا یے۔
بالی ووڈ کی ’کیٹ‘ اور وکی کوشال کی شادی اس وقت ’ٹاک آف دا ٹاؤن‘ بنی ہوئی ہے۔ سوشل میڈیا پر بھی روز ان دونوں کی شادی کے حوالے سے مختلف ٹرینڈز بن رہے ہیں اور دلچسپ میمز بھی شیئر کی جا رہی ہیں۔ کنگنا رناوت نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ شیئر کی ہے جس میں اگرچہ انہوں نے کترینہ کیف اور وکی کوشال کا نام تو نہیں لیا تاہم ان کی پوسٹ سے یہ ظاہر ہو رہا ہے کہ یہ بالی وڈ کی اس نئی جوڑی کے لیے ہے۔
اپنی انسٹاگرام سٹوری میں کنگنا رناوت نے فلم انڈسٹری کی امیر اور کامیاب خواتین کو اپنے سے کم عمر مردوں کے ساتھ شادی کر کے صنفی امتیاز کو ختم کرنے کے لیے سراہا ہے۔ کنگنا نے لکھا کہ ’ہم نے بڑے ہوتے ہوئے کامیاب امیر مردوں کی اپنے سے چھوٹی عمر کی لڑکیوں سے شادی کی بہت سی کہانیاں سنی ہیں۔ اپنے شوہر سے زیادہ کامیاب خواتین کو ایک بڑے بحران کی طرح دیکھا گیا ہے، اپنے سے کم عمر مرد سے شادی تو بھول جائیں ایک خاص عمر کے بعد خواتین کے لیے شادی ہی ناممکن ہو جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:فیصل واؤڈا کی فوری حکم امتناع کی درخواست مسترد
کنگنا نے کہا کہ ’فلم انڈسٹری کی امیر اور کامیاب خواتین کو ان صنفی روایات کو توڑتا دیکھ کر خوشی ہوئی۔‘ یاد رہے کہ کنگنا اب تک کنواری ہیں اور انہوں نے شادی نہیں کی۔ آپ کو یہ بھی بتاتے چلیں کہ صرف کترینہ ہی وہ پہلی سلیبریٹی نہیں ہیں جو اپنے سے چھوٹی عمر کے لڑکے سے شادی کر رہی ہیں، 2018 میں پرینکا چوپڑا نے بین الاقوامی گلوکار نک جونس سے شادی کی تھی جو ان سے عمر میں 10 سال چھوٹے ہیں۔ ایشوریہ رائے اور ابھیشیک بچن کی عمروں میں بھی تین سال کا فرق ہے۔
