کراچی میں مون سون کی پہلی بارش کے ساتھ ہی موسم خوشگوار
سندھ کے دارالحکومت کراچی میں مون سون کی پہلی بارش کے ساتھ ہی موسم خوشگوار ہوگیا۔
8 جولائی کو محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی تھی کہ کراچی میں مون سون کا پہلا اسپیل 15 جولائی کو برس سکتا ہے جس کے بعد اہل کراچی موسم میں خوشگوار تبدیلی کے منتظر تھے۔
ملیر، شاہ فیصل، یونیورسٹی روڈ، گلشن اقبال، شاہراہ فیصل، کورنگی سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی، جبکہ بیشتر علاقوں میں بارش کی پہلی بوند گرتے ہی بجلی منقطع ہوگئی اور پہلے سے ہی لوڈ شیڈنگ سے ستائے عوام کی پریشانی میں مزید اضافہ ہوگیا۔
علاوہ ازیں اولڈ سٹی ایریا میں بجلی کے ساتھ گیس بھی غائب ہونے کی وجہ سے علاقہ مکینوں کی پریشانی دوگنی ہوگئی۔
دوسری جانب سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ‘کے الیکٹرک’ نے مختلف علاقوں میں بجلی منقطع ہونے کی شکایات موصول ہونے کی تصدیق کی۔
ترجمان کے الیکٹرک نے کہا کہ بلدیہ، سرجانی، کلفٹن، ڈیفنس بجلی کے تعطل کے باعث سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔
کے الیکٹرک کے مطابق شہر کو بجلی فراہم کرنے والے 500 فیڈرز متاثر ہوئے ہیں جبکہ 14 سو مکمل فعال ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ دھابیجی کو بجلی کی ترسیل بحال کرنا ترجیح ہے۔
