نئے صوبوں کی تشکیل کا کوئی بل یا ترمیم زیرِ غور نہیں،رانا ثنا اللہ

وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے نئے صوبوں کی تشکیل سے متعلق کسی بھی مجوزہ قانون سازی کی سختی سے تردید کرتے ہوئے سندھ اسمبلی کی قرارداد اور وزیراعلیٰ مراد شاہ کی تقریر کو بے بنیاد اور قبل از وقت قرار دیا ہے۔
نجی ٹی وی انٹرویو میں رانا ثنا اللہ نے واضح کیا ہے کہ پارلیمنٹ میں انتظامی یونٹس کا کوئی بل موجود نہیں اور لندن میں محسن نقوی اور صدر آصف علی زرداری کے درمیان ہونے والی ملاقاتوں کا ایسی کسی قانون سازی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں سندھ اسمبلی میں نئے صوبوں کے قیام، انتظامی یونٹس کی تقسیم اور این ایف سی ایوارڈ میں ممکنہ کٹوتی کے خدشات پر ایک قرارداد پیش کی گئی تھی جس میں وفاقی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
اسی تناظر میں سیاسی حلقوں میں یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ لندن میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی قیادت کے درمیان کسی بڑی آئینی ترمیم یا نئے صوبوں کے حوالے سے معاملات طے پا رہے ہیں، جس پر وفاقی حکومت کی جانب سے یہ تفصیلی اور اہم وضاحتی بیان سامنے آیا ہے۔
