ائیرپورٹس پر غیرملکی مسافروں کی سکریننگ کا فیصلہ

کرونا کی نئی لہر کے پیش نظر حکومت نے تمام ائیرپورٹس پر سکریننگ کو سخت کرتے ہوئے تمام غیرملکی مسافروں کی سکریننگ کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈان اخبار میں شائعرپورٹ کے مطابق ملک میں آنے والے مسافروں کے لیے کورونا ٹیسٹ اور مثبت ٹیسٹ آنے پر متاثرہ مسافر کو قرنطینہ لازمی قرار دینے کے حوالے سے سندھ حکومت نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کو خط لکھ دیا ہے۔

گزشتہ روز (29 دسمبر کو) این سی او سی کے اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ تمام ایئرپورٹ پر جراثیم کش اسپرے اور سینیٹائزر کے استعمال کو لازمی بنایا جائے۔ این سی او سی کا اجلاس نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ میں وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کی زیر صدارت ہوا تھا۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے عبدالقادر پٹیل نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فکر کرنے کی کوئی بات نہیں ہے کیونکہ ملک میں کورونا مثبت کی شرح صرف 0.5 فیصد ہے، اس کے علاوہ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں 90 سے 95 فیصد آبادی نے ویکسین لگالی ہے۔

حکومت کے اعدادوشمار کے مطابق ایک کروڑ 32 لاکھ سے زائد آبادی نے مکمل ویکسین لگوا لی ہے جبکہ ایک کروڑ 39 لاکھ افراد نے ویکسین کی صرف ایک خوراک لگائی ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ 5 سال سے 11 سال کے درمیان 8 لاکھ بچوں کو بھی ویکسین لگ چکی ہے، صورتحال کنٹرول میں ہے اور گزشتہ ہفتے کورونا سے اموات رپورٹ نہیں ہوئی ہیں۔ تمام سرحدوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور کورونا کی ٹیسٹنگ میں دوبارہ تیزی کردی گئی ہے تاکہ کورونا کے نئے ویرینٹ کے حوالے سے معلوم کیا جاسکے۔کرونا وائرس دوسرے کئی ممالک میں بہت تیزی سے پھیل رہا ہے اور اس پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ہم تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

پاکستان بارڈر ہیلتھ سروس نے سول ایوی ایشن اتھارٹی اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو ایئرپورٹ پر ریپڈ ٹیسٹ کروانے اور مثبت کیسز والے متاثرہ افراد کو قرنطینہ میں رکھنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ پاکستان بارڈر ہیلتھ سروس کی جانب سے لکھے گئے خط میں یہ بھی بتایا گیا کہ بین الاقوامی پروازوں میں مسافروں کے نمونے لیے جائیں۔

سول ایوی ایشن اور ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس اور تمام ایئرلائن کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ مسافروں کے نمونے حاصل کرنے کے لیے پاکستان بارڈر ہیلتھ سروس کے عملے کے ساتھ تعاون کیا جائے۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں مسافروں کی اسکریننگ کے عمل کو تیز کرنے کے احکامات تب جاری ہوئے جب کووڈ 19 کا نیا ویرینٹ ’اومیکرون‘ جسے ’نائٹ میئر ویرینٹ اور بی ایف سیون‘ بھی کہا جاتا ہے، دیگر ممالک میں تیزی سے پھیلنے لگا، کووڈ 19 کا نیا ویرینٹ چین، بھارت، بنگلادیش، جاپان، امریکا، آسٹریلیا اور ڈنمارک میں تیزی سے پھیل رہا ہے۔

Back to top button