کوئٹہ: میکانگی روڈ پر دھماکا، 2 افراد جاں بحق،14 زخمی

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں میکانگی روڈ کے قریب فرنٹیئر کروپس (ایف سی) کی گاڑی کے قریب دھماکے میں 2 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق کوئٹہ کے میکانگی روڈ پر دھماکے میں ایف سی کی گاڑی کو رش والے علاقے نشانہ بنایا گیا۔اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کے متعدد زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔دھماکے میں 12 افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرکے طبی عملے کو طلب کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق دھماکے کے مقام کو سیکیورٹی فورسز نے گھیرے میں لے لیا اور واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے دھماکے کی مذمت کی اور دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائی میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ان کا کہنا تھا کہ بزدل دہشت گرد ایک مرتبہ پھر شہر اور صوبے کا امن خراب کرنا چاہتے ہیں، دیرپا امن کے قیام کو ہرصورت یقینی بنایا جائے گا، معصوم اور بے گناہ شہریوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔جام کمال نے ہدایت کی کہ شہر میں سیکیورٹی کے اقدامات کو مزید مؤثر اور سخت بنایا جائے اور دہشت گردوں کو دوبارہ سر اٹھانے کا موقع نہ دیا جائے۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے حکام کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں اور سیکریٹری صحت خود اس عمل کی نگرانی کریں۔انہوں نے دھماکے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
صوبائی وزیر داخلہ ضیاء لانگو نے ایف سی کی گاڑی کے قریب دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن عناصر امن و امان کو خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بم دھماکے میں زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
WhatsApp Image 2020 01 07 at 7.08.55 PM
WhatsApp Image 2020 01 07 at 7.08.56 PM

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button