کوئٹہ کے قمبرانی روڈ پر دھماکا، 5 افراد زخمی

صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے قمبرانی روڈ پر بشیر چوک کے نزدیک ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں5 افراد زخمی ہوگئے۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے ادارے اور ریسکیو ٹیمز جائے وقوع پر پہنچ گئیں۔ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو سول ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کو طبی امداد دی جاری ہے۔دوسری جانب قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دھماکے کی نوعیت جاننے کے لیے تفتیش کا آغاز کردیا۔ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے ایک بیان میں بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔انہوں نے قمبرانی روڈ بشیر چوک کے قریب ہونے والے بم دھماکا کی مذمت اور زخمیوں کی صحتیابی کے لیے دعا کی۔ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہتر سہولت فراہم کرنے کے لیے ہسپتالوں کو ہدایات جاری کردی گئیں ہیں۔خیال رہے کہ صوبہ بلوچستان کئی برسوں سے بدامنی کا شکار ہے اور یہاں اکثر سیکیورٹی فورسز پر حملے، دھماکے سمیت تخریب کاری کے مختلف واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔چند روز قبل ہی ضلع چمن میں یومِ یکجہتی فلسطین کے موقع پر نکالی گئی ایک ریلی پر ہونے والے بم دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوگئے تھے۔28 اپریل کو ضلع قلعہ عبداللہ میں ریموٹ کنٹرول دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق اور اہلکاروں سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے تھے۔اس سے قبل گزشتہ ماہ 21 تاریخ کو کوئٹہ کے سرینا ہوٹل کی پارکنگ میں ہوئے بم دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوگئے تھے۔جس کے بارے میں وزیر داخلہ شیخ رشید نے دعویٰ کیا تھا کہ ہوٹل پارکنگ میں ہونے والا دھماکا خود کش تھا جس کے لیے 60 سے 80 کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا۔قبل ازیں رواں برس فروری میں کوئٹہ میں ڈی سی آفس کے قریب انسکومب روڑ پر بم دھماکے سے 2 افراد جاں بحق اور 5 شہری زخمی ہوگئے تھے۔

Back to top button