سشمیتا سین نے جسم کے کس حصے کی سرجری کروائی؟


1994 میں صرف 19 برس کی عمر میں مس انڈیا اور مس یونیورس کا ٹائٹل جیتنے والی معروف بھارتی اداکارہ سشمیتا سین نے 46 برس کی عمر میں اپنے جسم کے کسی حصے کی سرجری کروائی ہے تاہم وہ وہ یہ نہیں بتا رہیں کہ سرجری کس لئے کروائی گئی۔

عموما شوبز کی دنیا سے تعلق رکھنے والی اداکارائیں جب سرجری کرواتی ہیں تو اس عمل کو چھپاتی ہیں تاہم سشمیتا سین نے اپنی سرجری کروانے کی خبر خود بریک کی ہے۔ یاد رہے کہ اداکارہ نے 19 نومبر کو اپنی 46 ویں سالگرہ منائی اور اسی دن انسٹاگرام پر کی گئی پوسٹ میں سمندر کنارے کھچوائی گئی تصویر شیئر کرتے ہوئے برتھ ڈے کو اپنا نیا جنم قرار دیا اور لکھا کہ وہ تمام افراد کو ایک ’راز‘ بتانے جا رہی ہیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ ںہوں نےبحال ہی میں اپنی سرجری کروائی ہے۔ انہوں نے لکھا کہ میں نے حال ہی میں اپنی آنے والی ویب سیریز ’آریا ٹو‘ کی شوٹنگ مکمل ہونے کے بعد بعض طبی مسائل کی وجہ سے سرجری کروانی پڑی۔ سابق حسینہ عالم نے بتایا کہ سالگرہ سے چند دن قبل 16 نومبر کو ان کی سرجری کی گئی اور اب وہ صحت یاب ہو رہی ہیں۔ تاہم انہوں نے واضح نہیں کیا کہ کس طرح کی سرجری کروائی گئی ہے؟چنانچہ لوگوں نے اداکارہ کی پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے سرجری سے متعلق مزید معلومات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا. کچھ سوشل میڈیا صارفین نے اس خدشے کا اظہار کیا کہ شاید سشمیتا سین نے اپنی ڈھلکتی ہوئی عمر چھپانے کے لئے چہرے کی سرجری کروائی ہے اور اسی لیے وہ واضح انداز میں نہیں بتا رہی ہیں کہ سرجری جسم کے کس حصے کی ہوئی ہے۔ بعد ازاں اداکارہ نے ایک مختصر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے معاملے پر مزید بات کی تاہم اس کے باوجود انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ انہوں نے آیا کسی مرض کے علاج کے لیے سرجری کروائی ہے یا چہرے کی؟

تاہم اپنی ویڈیو میں سشمیتا سین نے مداحوں کو کہا کہ ان کی سرجری سے متعلق مزید پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، اب وہ بلکل ٹھیک ہیں اور تیزی سے صحت یاب ہو رہی ہیں۔ اداکارہ نے 46 ویں سالگرہ پر اپنا نیا ہیئر سٹائل سب لوگوں کو دکھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ سشمیتا سین کی جانب سے سرجری کروانے کے انکشاف کے بعد بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پر کئی طرح کی چہ مگوئیاں شروع ہوگئی ہیں اور خبریں ہیں کہ اداکارہ کو جلد کی بیماری تھی اور ممکنہ طور پر پلاسٹک سرجری کروائی تاہم اس حوالے سے کچھ بھی تصدیقی طور پر نہیں کہا جا سکتا۔ سشمیتا سین حالیہ مہینوں میں خود سے 15 سال کم عمر ماڈل روہمن شال کے ساتھ رومانوی تعلقات کی وجہ سے خبروں میں ہیں، جن سے اداکارہ کے گزشتہ تین سال سے تعلقات ہیں اور دونوں ایک دوسرے کے ساتھ بھی دکھائی دیتے ہیں۔ ماضی میں بھی سشمیتا سین کی محبتوں کے چرچے ہوتے رہے ہیں، ان کا نام کرکٹر وسیم اکرم کے ساتھ بھی جوڑا جاتا رہا ہے۔ سشمیتا سین نے اگرچہ شادی نہیں کی تاہم 2 بچوں کو گود لے رکھا ہے، انہوں نے پہلے 2000 میں ایک بچی گود لی اور بعد ازاں 2010 میں دوسری بچی کو گود لیا۔سشمیتا نے 1996 میں فلم ’دستک’ سے کیریئر کا آغاز کیا، اب تک وہ 45 کے قریب فلموں میں نظر آ چکی ہیں ، اپنی اداکاری کی بناء پر فلم فیئر، آئیفا، سٹار سکرین اور زی سائنے سمیت متعدد ایوارڈ اپنے نام کر چکی ہیں۔سشمیتا سین نے 1994 میں مس انڈیا کا اعزاز اپنے نام کیا تھا جس کے بعد وہ اسی برس مس یونیورس بھی منتخب ہو گئی تھیں۔

Back to top button