اگر عمران وزیراعظم بن سکتے ہیں تو میں کیوں نہیں؟


اپنے نت نئے تنازعات اور متنازع ویڈیوز کی وجہ سے خبروں میں رہنے والی ٹک ٹاکر سٹار حریم شاہ نے وزیر اعظم بننے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میرے بہت سارے مشن مکمل ہو چکے ہیں اور دنیا میں کچھ بھی ناممکن نہیں، اگر عمران خان وزیراعظم بن سکتے ہیں تو میں کیوں نہیں بن سکتی؟

حریم شاہ نے ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں ایسا کچھ کرنا چاہتی ہوں جو سب کے ہوش اڑا کر رکھ دے، میں نے ابھی تک وہ کیا ہی نہیں جو میں کرنا چاہ رہی ہوں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ ایسا کیا کرنا چاہتی ہیں تو حریم شاہ نے بتایا کہ وہ عمران خان کی طرف ملکی وزیراعظم بننا چاہتی ہیں۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے حریم شاہ مسلسل یہ دعوی کرتی رہی ہیں کہ وہ تحریک انصاف اور عمران خان کی سپوٹر ہیں لیکن اب انھوں نے عمران کی کرسی پر قبضے کا منصوبہ بنانا شروع کر دیا ہے جسے ایک دیوانے کا خواب ہی قرار دیا جاسکتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں حریم نے کہا وزیر اعظم بن کر میرا ارادہ ملک میں بہتری لانے کا ہے اب وہ پارلیمانی طریقے سے آتی ہے یا اپنی پارٹی بنانے سے آتی ہے یہ تو وقت بتائے گا۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ تو عمران خان سے متاثر ہیں اور ان کی پارٹی کی سپورٹر بھی ہیں تو انہوں نے کہا میں اس لیے تحریک انصاف کی سیاست سے متاثر ہوں کہ خان صاحب تبدیلی کے نعرے کے ساتھ ایک نئی سوچ لے کر آئے ہیں۔

حریم نے کہا لیکن یہ طے ہے کہ عمران نے ساری زندگی وزیر اعظم نہیں رہنا اور کسی کو تو ان کی جگہ لینی ہے۔ وہ پہلے ایک کرکٹر تھے توجب ایک کرکٹر وزیراعظم بن سکتا ہے تو میں وزیراعظم کیوں نہیں بن سکتی۔ جب میزبان نے حیرانی سے پوچھا کہ اچھا تو کیا آپ عمران خان کو چیلنج کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں تو انہوں نے مسکراتے ہوئے جواب دیا۔کہ چیلنج نہیں لیکن ان کی جگہ کسی نے تو لینی ہے آگے جاکر تو میں بھی ایک امیدوار بن سکتی ہوں وزارت عظمی کی۔

Back to top button