کیا اداکارہ غنا علی کے شوہر مڈل کلاس فیملی سے تعلق رکھتے ہیں؟
معروف اداکارہ غنا علی نے دولت کی خاطر شادی کرنے کے الزامات مسترد کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ان کے شوہر مڈل کلاس فیملی سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ عام سی نوکری کرتے ہیں، غنا علی نے 17 مئی 2021 کو کراچی کے کاروباری شخص عمیر گلزار سے شادی کی، جس سے ان کے ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہیں۔شادی کے بعد غنا علی پر الزامات لگائے گئے کہ انہوں نے دولت کی خاطر پہلے سے ہی شادی شدہ اور ایک بچے کے باپ سے شادی کی، تاہم انہوں نے ان افواہوں کی تردید کی، اب حال ہی میں انہوں نے ایف ایچ ایم پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے شادی کے دو سال بعد شوبز انڈسٹری میں انٹری، سوشل میڈیا افواہوں اور خود سے متعلق بسا بسایا گھر توڑنے کی تمام افواہوں پر کھل کر گفتگو کی۔پوڈکاسٹ کے شروع میں غنا علی نے کہا کہ والد کی خواہش تھی کہ میں وکیل بنوں، اگر آج میں وکیل بن جاتی تو زیادہ اچھا ہوتا، تعلیم بہت ضروری ہے، میری بیٹی مستقبل میں اگر ڈراموں میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کرے گی تب بھی میں اسے بولوں گی کہ پہلے ڈگری مکمل کرو، روزگار کے لیے شوبز انڈسٹری پر مکمل اعتماد نہیں کرسکتے ہیں، کیونکہ یہاں آپ کچھ دن کے لیے سٹار ہوتے ہیں۔شادی کرنے اور شوبز انڈسٹری سے کچھ وقت کے لیے کنارہ کشی اختیار کرنےسے متعلق غنا علی نے کہا کہ میرے خیال سے فیملی بنانے کے بعد مجھ میں عقل آگئی ہے، معلوم ہوگیا ہے کہ دنیا کی اصلیت کیا ہے، جب تک میری شادی نہیں ہوئی تھی میری زندگی میں ٹھہراؤ نہیں تھا، شادی اور فیملی انسان کے لیے بہت ضروری ہے۔اداکارہ نے کہا کہ لڑکیوں کی سوچ ہوتی ہے کہ انہیں شادی کے لیے ہینڈسم مرد چاہئے جو امیر بھی ہوں، لڑکیوں کو اپنے دماغ خراب نہیں کرنے چاہئیں، اللہ پر یقین رکھیں، زندگی میں وقت کے ساتھ ساتھ پیسہ بھی آ جاتا ہے، تسلیم کیا کہ جب ان کی عمیر گلزار سے شادی ہوئی تو ان کے شوہر پہلے سے ہی اچھا کماتے تھے۔اداکارہ نے اپنے شوہر کی پہلی شادی سے متعلق وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ میرے شوہر کی پہلی شادی ختم ہو چکی ہے، میری شادی سے قبل ان کی علیحدگی ہو چکی تھی، میرے شوہر کی پہلی بیوی بھی اپنی زندگی میں آگے بڑھ چکی ہیں۔گولڈ ڈگر کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ مجھ پر گولڈ ڈگر کے الزامات لگائے گئے لیکن مجھے کوئی بتا دے کہ گولڈ کہاں ہے؟ شادی کے بعد ان پر کئی طرح کے سنگین الزامات لگائے گئے اور انہیں یہ جھوٹ بھی بولا گیا کہ ان کے شوہر کی سابق بیوی نے خود کشی کرلی، اس خاتون نے اپنے ردعمل سے ثابت کر دیا کہ سب جھوٹ ہے۔میزبان نے سوال پوچھا کہ آپ کو خواتین پروڈیوسرز ڈراموں میں کاسٹ کیوں نہیں کرتیں، کیا آپ کو عورتوں سے کوئی مسئلہ ہے؟ جس پر اداکارہ نے جواب دیا کہ ’مجھے بھی آج تک یہ بات سمجھ نہیں آئی، اگر انہیں کاسٹ نہیں کرنا تو نہ کریں میں اپنی عزت نفس کو ترجیح دوں گی۔اداکارہ نے کہا کہ شوبز انڈسٹری میں بہت سے لوگوں کے ہزاروں مسائل ہیں، ان میں سے بہت سے لوگ خوش نہیں ہیں، ایسے لوگ بہت عجیب صورتحال میں رہتے ہیں، انہیں صرف یہی فکر ہوتی ہے کہ دوسروں نے کونسا برینڈ پہنا ہے، اس لیے میں شوبز انڈسٹری کے لوگوں سے دوستی نہیں کرتی، یہاں مردوں سے زیادہ خواتین برینڈ کے بارے میں فکر مند ہوتی ہیں۔