کیا امریکی ڈالر دسمبر تک دو سو روپے کا ہو جائے گا؟


26 اکتوبر کو امریکی ڈالر کی قیمت ایک سو پچھتر روپے کراس کر جانے کے بعد اب یہ افواہیں زوروں پر ہیں کہ دسمبر کے آخر تک ڈالر دو سو روپے تک جا سکتا ہے۔ منگل کو کاروبار کے دوران روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں اضافہ جاری رہا اور وہ 175 روپے کی نئی بلند ترین سطح بھی کراس کر گیا۔ یاد رہے کہ پاکستانی تاریخ میں اب تک یہ ڈالر کی مہنگی ترین قیمت ہے۔

مالیاتی ڈیٹا اور تجزیاتی پورٹل ’میٹس گلوبل‘ کی رپورٹ کے مطابق منگل کو دوپہر تقریباً ساڑھے 12 بجے ڈالر کی تجارت 175 روپے میں ہو رہی تھی جو گزشتہ روز 174 روپے 43 پیسے کی سطح پر بند ہوا تھا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ ڈالر کی طلب زیادہ ہونے کے بعد روپے کی قدر میں 37 پیسے کی کمی ہوئی۔ اس دوران ڈالر کی قیمت 175 روپے سے بھی تجاوز کر گئی اور اوپن مارکیٹ میں تو امریکی ڈالر روپے 175 روپے 50 پیسے کی بھی بکا۔

فاریکس ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک بوستان نے کہا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ مذاکرات کے نتائج میں تاخیر اور روپے کی قدر میں کمی کی شرائط کی افواہوں پر کرنسی مارکیٹ میں ہلچل ہے اور انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 175 روپے کی ریکارڈ سطح پر بھی عبور کر گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہی صورتحال رہی تو پاکستان میں دسمبر 2021 کے خاتمے تک ڈالر دو سو روپے تک پہنچ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو جانب سے 500 ڈالرز خریدنے کے لے بائیومیٹرک کی شرط لگائے جانے کے بعد اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی طلب نہ ہونے کے برابر ہے جبکہ بائیو میٹرک کے بھی وہ انتظامات نہیں کیے جاسکے ہیں جو نادرا کے تعاون سے ہونے تھے۔

ملک بوستان نے کہا کہ جولائی سے اب تک روپے کی قدر 11 فیصد تک گر چکی ہے، انٹر بینک مارکیٹ میں ٹھہراؤ اور آئی ایم ایف سے قرض پروگرام کی منظوری تک روپے پر دباؤ جاری رہ سکتا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ کئی روز سے ڈالر ہر گزرتے دن نئی سطح کو چھو رہا ہے جس کی بڑی وجہ درآمدات میں اضافہ اور ڈالر کی افغانستان میں اسمگلنگ کو قرار دیا جاتا ہے۔

اسٹیٹ بینک نے 7 اکتوبر کے ایک اعلامیے کے ذریعے ایکسچینج کمپنیوں کو ہدایت کی تھی کہ وہ 500 ڈالر اور اس سے زائد کی بیرونی ترسیلات زر کے برابر تمام غیر ملکی کرنسی فروخت کے لین دین کے لیے 22 اکتوبر سے لازمی بائیو میٹرک تصدیق کی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

اسٹیٹ بینک نے یہ فیصلہ بالخصوص افغانستان میں ڈالر کے اخراج کو روکنے کے لیے کیا ہے جس کی وجہ سے طلب میں تیزی سے اضافہ دیکھا گیا جس نے اوپن مارکیٹ میں شرح تبادلہ کو غیر مستحکم کردیا۔ اس کے علاوہ گزشتہ دنوں میڈیا رپورٹس بھی سامنے آئیں جس میں کہا گیا کہ افغانستان میں حکومت کی تبدیلی کے بعد لاکھوں ڈالرز، کابل اسمگل کیے جارہے ہیں۔ تاہم اس کے باوجود ڈالر کی قیمت میں اضافہ رکنے کا نام ہی نہیں لے رہا اور اس وقت پاکستانی تاریخ میں سب سے مہنگا امریکی ڈالر بک رہا ہے۔

Back to top button