کیا شوکت صدیقی انصاف کی حسرت لئے ریٹائرڈ ہوں گے؟

پاکستان کی سب سے طاقتور خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے سیاسی اور عدالتی معاملات میں بے جا مداخلت کو ہدف تنقید بنانے کی پاداش میں اسلام آباد ہائی کورٹ سے فارغ کیے جانے والے جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو چیف جسٹس گلزار احمد کے تاخیری حربوں کے باعث ریٹائرمنٹ سے قبل انصاف ملنے کی تمام امیدیں اُس وقت دم توڑ گئیں جب ان کی بحالی سے متعلق 26 مئی کے لیے فکسڈ کیس ایک بار پھر یہ کہہ کر ملتوی کردیا گیا کہ ان کا مقدمہ سننے کے لئے سپریم کورٹ کا بینچ ہی میسر نہیں۔
یاد رہے کہ جون میں ویسے ہی عدالتوں میں تین مہینے کی چھٹیاں ہو رہی ہیں اور اسی مہینے جسٹس شوکت کی ریٹائرمنٹ بھی ہے لہذا اس بات کا واضح امکان ہے کہ ساری زندگی دوسروں کو انصاف دینے والا جج خود انصاف حاصل کیے بغیر ہی ریٹائرڈ ہو جائے گا۔
یاد رہے کہ رواں برس اس کیس کی سماعت تین مرتبہ مقرر کی گئی لیکن تینوں مرتبہ ناگزیر وجوہات اور بینچ کے میسر نہ ہونے پر کیس ڈی لسٹ ہو گیا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ آئندہ ماہ 30 جون کو ان کی ریٹائرمنٹ تک دوبارہ کیس سماعت کے لئے مقرر نہیں ہوگا کیونکہ 14 جون سے عدالتی چھٹیاں شروع ہوجائیں گی جن کے دوران بینچ کا مکمل ہونا محال ہوگا۔ خیال رہے کہ سابق جج شوکت عزیز صدیقی نے عہدے سے ہٹائے جانے کے سپریم جوڈیشل کونسل کے فیصلے کے خلاف اپیل سپریم کورٹ میں دائر کر رکھی ہے۔ شوکت صدیقی آئندہ ماہ 30 جون کو ریٹائر ہو جائیں گے اور اگر پانچ ہفتوں میں ان کی درخواست پر فیصلہ نہیں ہوتا تو ان کی درخواست بھی غیر موثر ہو جائے گی۔ سینیئر وکیل عمران شفیق اس بارے میں کہتے ہیں کہ کیس کے ملتوی ہونے کی یہ کوئی وجہ نہیں کہ بینچ کے میسر نہ ہونے کی وجہ سے کیس ملتوی کیا گیا۔ ’تمام پانچ ججز عمر عطا بندیال سمیت آج کی تاریخ میں اپنے اپنے بینچ میں موجود ہیں۔ قانونی ماہرین اس سارے معاملے کا الزام چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد کے سر دھرتے ہیں کیونکہ انہوں نے تو شوکت عزیز صدیقی کے کسی خط کا جواب دیا اور نہ ہی ان کی شنوائی کے لئے مقدمے کی جلد سماعت کے لئے اپنا آئینی کردار ادا کیا۔
واضح رہے کہ اگر شوکت صدیقی کو فوری کارروائی کر کے اکتوبر 2018 میں برطرف نہ کیا جاتا تو 26 نومبر 2018 کو انہوں نے بطور چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ حلف اٹھانا تھا۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے سینیئر سابق جج شوکت صدیقی کو اکتوبر 2018 میں خفیہ اداروں کے خلاف تقریر کرنے پر عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔کونسل کا موقف یہ تھا کہ شوکت صدیقی بطور جج ’مِس کنڈکٹ‘ کے مرتکب ہوئے ہیں اور انہوں نے ’نامناسب‘ الفاظ کا استعمال کیا ہے، اس لیے آرٹیکل 209 کے تحت انہیں عہدے سے ہٹانے کی سفارش کی جاتی ہے۔چونکہ شوکت عزیز صدیقی نے 21 جولائی 2018 کو راولپنڈی بار میں خطاب کے دوران حساس اداروں پرعدالتی کام میں مداخلت کے الزامات عائد کیے تھے، جس کے بعد ان کے بیان پر پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے بھی رد عمل سامنے آیا تھا جس میں ریاستی اداروں پر لگائے جانے والے الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا تھا۔بعد ازاں سپریم کورٹ نے 31 جولائی کو اس پر ازخود نوٹس لے لیا اور ایک ہی سماعت پر فیصلہ بھی سنا دیا۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے گذشتہ برس دسمبر میں ہونے والی سماعت میں ریمارکس دیئے تھے کہ یہ اہم نوعیت کا مقدمہ ہے، جسے تفصیل سے سنا جائے گا۔جبکہ شوکت صدیقی کے وکیل حامد خان نے گذشتہ سماعت پر عدالت سے استدعا کی تھی کہ ان کے موکل 30 جون 2021 میں ریٹائر ہو جائیں گے، اس لیے اس سے پہلے ان کی اپیل کا فیصلہ کر دیں، جس پرعدالت نے انہیں یقین دہانی کرائی تھی کہ شوکت صدیقی کی ریٹائرمنٹ سے قبل فیصلہ دے دیں گے۔یاد رہے کہ 26 اکتوبر 2018 کے بعد سے اس کیس کی باضابطہ سماعت نہیں ہوئی ہے اور اس دوران بارہا درخواست گزار کی جانب سے چیف جسٹس کو خط بھی لکھے گئے کہ انصاف میں تاخیر ہو رہی ہے، جبکہ کیس جلد مقرر کرنے کی درخواستیں بھی دائر کی گئی ہیں۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ ایک جج کو انصاف کے حصول کے لیے کتنے جتن کرنے پڑ رہے ہیں، عام آدمی کا کیا حال ہوگا۔ انصاف میں تاخیر انصاف سے انکار ہے۔
سینئیر وکیل اور سابق پراسیکیوٹر نیب عمران شفیق نے کہا کہ یہ بات قابل ذکر ہے کہ 14 جون سے سپریم کورٹ کی سالانہ چھٹیاں شروع ہو جائیں گی، جس کے بعد بینچ کا مکمل ہونا بہت مشکل ہے۔ اس لحاظ سے تو تقریباً تین ہفتے کا وقت ہی رہ گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کیس نے پاکستانی عدلیہ کے بارے میں یہ تاثر چھوڑا ہے کہ اتنے سنجیدہ مقدمے کو انتہائی غیرسنجیدہ طریقے سے چلا کر وقت ضائع کیا جا رہا ہے۔ عمومی طور پر دفاع کرنے والے فریق کی جانب سے تاخیری حربے استعمال کیے جاتے ہیں لیکن اس مقدمے میں عدالت کی طرف سے تاخیری حربے استعمال کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قاضی فائز عیسیٰ کیس میں دس رکنی بینچ روز بیٹھ جاتا تھا کیونکہ ان کو عہدے سے برطرف کرنا تھا اور حکومت کی بھی منشا تھی لیکن یہاں برطرف جج کو بحال کرنا ہے اور پانچ رکنی بینچ ہے جو دستیاب ہی نہیں ہو رہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہاں انصاف کے دوہرے معیار ہیں، حکومت کے ناپسندیدہ جج کو ہٹانا ہو تو کیس فوراً لگا دیا جاتا ہے۔
یاد رہے کہ 2019 میں جب قاضی فائز عیسیٰ کیس شروع ہوا تو سپریم کورٹ نے شوکت صدیقی سے کہا کہ قاضی فائز عیسیٰ کے مقدمے میں وہ تمام قانونی سوالات اٹھائے گئے ہیں جو شوکت صدیقی کے مقدمےمیں بھی ہیں، اس لیے قاضی فائز عیسی کے مقدمے کا فیصلہ شوکت صدیقی کی اپیل کے فیصلے میں بطور حوالہ استعمال ہوگا۔اب جب قاضی فائز عیسیٰ کیس کے فیصلے کو بھی ایک سال ہونے کو ہے بلکہ نظرثانی درخواستوں پر بھی فیصلہ آ چکا ہے، اس کے باوجود شوکت صدیقی کا کیس مقرر نہ کرنے سے تاثر ابھرتا ہے کہ شوکت صدیقی کا موقف درست تھا۔
