کیا ماہرہ خان ملیالم فلموں میں انٹری کرنیوالی ہیں؟

معروف اداکارہ ماہرہ خان کی ملیالم فلموں میں انٹری کی خبریں خوب گرم ہیں، اداکارہ ملیالم ہدایتکار پرتھوی راج سوکمارن کی سُپر ہٹ فلم ’لوسیفر‘ کے سیکوئل ’L2: Empuraan‘ میں ملیالم سُپر اسٹار موہن لال کے ساتھ اہم کردار میں نظر آئیں گی۔ڈائریکٹر پرتھوی راج نے اس پروجیکٹ میں ماہرہ خان کو کاسٹ کرنے سے متعلق گردش کرنے والی افواہوں کا باضابطہ طور پر کوئی جواب نہیں دیا، یہی نہیں بلکہ ماہرہ خان نے بھی ایسی خبروں پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔تاہم پرتھوی راج، ان کی اہلیہ سپریا مینن کی ماہرہ خان اور ان کے شوہر سلیم کریم کے ساتھ گہری دوستی ہے اور حال ہی میں ان کے مالدیپ کے دورے کی ایک تصویر بھی وائرل ہوئی تھی جس کے بعد افواہوں نے زور پکڑنا شروع کر دیا تھا۔اداکارہ ماہرہ خان سے متعلق ملیالم فلموں میں ڈیبیو دینے کی خبریں اگر درست ثابت ہوئیں تو یہ ان کی دوسری بین الاقوامی فلم ہوگی، اس سے قبل وہ بالی وڈ فلم رئیس میں شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرچکی ہیں۔ ’’ایل ٹو-ایمپوران ‘‘ کی کاسٹ میں ممکنہ طور پر موہن لال کے علاوہ منجو واریر، اندراجیت سوکمارن، ٹوینو تھامس، سائی کمار، بیجو سنتوش، اور شیواجی گرووائیور شامل ہوں گے۔دوسری جانب ماہرہ خان کا ایک انٹرویو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس میں اُنہیں ملیالم فلم انڈسٹری کی تعریف کرتے ہوئے سُنا جا سکتا ہے، ماہرہ خان نے ملیالم اداکاروں اور پروڈکشن کی تعریف کی اور انڈسٹری میں کام کرنے کی اپنی خواہش کا اظہار ابھی کیا۔واضح رہے کہ ماہرہ خان نے اپنی ڈیبیو بالی ووڈ فلم ’’رئیس‘‘ میں شاہ رخ خان کی اہلیہ کا کردار ادا کیا تھا، اس فلم کے بعد سے ماہرہ خان بھارت میں بھی کافی مقبول ہیں اور اُن کے بھارتی مداح اُنہیں دوبارہ بھارتی فلموں میں دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔