کیا چیئرمین FBR شبر زیدی کے دن پورے ہو گئے؟

کیا فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئر مین شبر زیدی کے دن پورے ہو گئے ہیں؟ یہ سوال شبر زیدی کی جانب سے 15 روز کی طویل رخصت پر جانے کے بعد حکومتی حلقوں میں زیر گردش ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ شبر زیدی نے حکومتی اقتصادی ٹیم کے ممبران کے ساتھ پالیسی معاملات پر سنگین اختلافات کے باعث 15 روز کی رخصت لی ہے اور اب شاید وہ چھٹی سے واپس نہ آئیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق چیئرمین ایف بی آر نے بظاہر اپنی صحت اور ذاتی مصروفیات کی وجہ سے رخصت لی ہے لیکن اندرونی ذرائع کا کہنا ہے کہ چئیرمین ایف بی آر کے رواں سال کی شروعات ہی سے اختلافات سامنے آنا شروع ہوگئے تھے، جس پر چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے 15 روز کیلئے 6 تا 19 جنوری تک رخصت لے لی۔
وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران شبر زیدی کا ان سے تلخ و تند جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔ عبدالحفیظ شیخ نے ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کر کے پوائنٹ آف سیل سافٹ ویئر کی تنصیب میں سست روی پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا تھا۔ تاہم تند و تیز جملوں کے تبادلے کے بعد چیئرمین ایف بی آر نے رخصت پر جانے کو ترجیح دی۔ ان کی رائے جاننے کے لئے رابطے کی کوششوں پر ان کا موبائل فون اور سماجی رابطے کے ذرائع بند ملے۔تاہم رابطہ کرنے پر ایف بی آر کے اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ چیئرمین ایف بی آر کی طبیعت ناساز ہے اور انہوں نے اس کا ذکر اپنے ساتھیوں سے بھی کیا۔
خیال رہے کہ شبر زیدی کو گزشتہ بجٹ میں 5.5 ٹریلین روپے وصولیوں کا ہدف پورا نہ کرنے پر بھی شدید دباؤ کا سامنا رہا۔ جبکہ سابق چیئرمین ایف بی آر جہانزیب خان اور رکن ڈاکٹر اقبال آئی ایم ایف کو باور کرانے میں لگے رہے کہ 4.6 ٹریلین روپے وصولیوں کا ہدف تو حاصل کیا جا سکتا ہے لیکن 5 ٹریلین روپے سے اوپر وصولیاں ممکن نہیں ہے لیکن شبر زیدی نے 5.5ٹریلین روپے وصولیوں کا ہدف قبول کر لیا۔
اب یہ ہدف گھٹا کر 5.238 ٹریلین روپے کر دیا گیا۔ لیکن دسمبر 2019 میں شارٹ فال 115 روپے کا رہا۔ اب تک رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں ایف بی آر نے 2083 ارب روپے کی وصولیاں کی ہیں جبکہ دوسری ششماہی میں اسے 3155 ٹریلین کی وصولیاں کرنی ہوں گی تاکہ 30 جون 2020 تک 5238 ارب روپے وصولیوں کے ہدف کو پورا کیا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button