کے پی انتخابات،الیکشن کمیشن نے جواب جمع کرانے کیلئے وقت مانگ لیا

پشاور ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی کی خیبر پختون خوا میں انتخابات کے لیے دائر کیس کی سماعت کے دوران الیکشن کمیشن نے جواب جمع کرانے کے لیے وقت مانگ لیا۔
عدالتِ عالیہ کے جسٹس ابراہیم خان اور جسٹس عبدالشکور نے کیس کی سماعت کی جس کے دوران اسپیکر خیبر پختون خوا اسمبلی مشتاق احمد غنی پیش ہوئے۔
الیکشن کمیشن نے کیس میں جواب جمع کرانے کے لیے عدالت سے وقت مانگ لیا۔
دورانِ سماعت درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ 18 اپریل کو نگراں حکومت کی مدت ختم ہو گئی ہے، مدت ختم ہونے کے باوجود تاحال الیکشن کے لیے تاریخ نہیں دی گئی، الیکشن کا معاملہ ہے، جلد تاریخ دی جائے۔
ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختون خوا نے کہا کہ صوبائی حکومت کی طرف سے جواب تیار ہے، الیکشن کے لیے تاریخ گورنر اور الیکشن کمیشن کو دینا ہے۔
جسٹس ابراہیم خان نے قرار دیا کہ آئندہ سماعت پر اس کیس کو سنیں گے، کیس کسی بھی طور پر مزید ملتوی نہیں کریں گے، 4 مئی کو کیس سن کر فیصلہ کریں گے۔
اس کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت 4 مئی تک ملتوی کردی۔
