عمران خان کا کھلاڑی ہوں، میں نے ایبسلوٹلی ناٹ کہا ہے،سہیل آفریدی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخواسہیل آفریدی کاکہناہے کہ بند کمروں کےفیصلہ سازوں نےملک پر ایک پارٹی مسلط کی ہے، میں عمران خان کا کھلاڑی ہوں، میں نے ایبسلوٹلی ناٹ کہا ہے۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کرک میں جیل چوک میں لانگ مارچ شرکا سےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم پر دہشتگردی ایک منصوبے کے تحت مسلط کی گئی ، ایک دفعہ پھر خون بہہ رہا ہے، ہم بےگھر اور کاروبار تباہ ہو رہے ہیں، ایک کارندہ ٹی وی پر بیٹھ کر کہتا ہےکہ میں ناسمجھ ہوں، اپنےعوام کے ساتھ کھڑا ہونا ناسمجھی ہےتو میں یہ ناسمجھی بار بار کروں گا۔

سہیل آفریدی نے کہا غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک تقسیم ہو رہا ہے، جس حکومت کا آپ حصہ ہیں وہ 5300 ارب روپےکی کرپشن کرچکی ہے، اگر  آپ کیلئے یہ سمجھداری ہے تو میں ایسی سمجھداری پر لعنت بھیجتا ہوں، اگر ملک سے محبت ناسمجھی ہے تو میں یہ نا سمجھی بار بار کروں گا، جنہیں مسلط کیا گیا ہے وہ ملک میں تعصب پیدا کرنا چاہتے ہیں،  حالات ان کےقابو سے باہر نکل گئے ہیں،  جنہیں دوبارہ آباد کیا گیا وہ بھی ان کےقابو سے باہر ہوگئے ہیں، خیبرپختونخوا حکومت کو غلط پالیسی کا حصہ بننے پر مجبور کیا جا رہا تھا۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نےکہاکہ میں بانی پی ٹی آئی کا کھلاڑی ہوں، میں نے ایبسلوٹلی ناٹ کہا ہے، بند کمروں کےفیصلہ سازوں نےملک پر ایک پارٹی مسلط کی ہے، اس پارٹی کی وزیراعلیٰ کہتی ہیں کہ مجھے بھارت سے نہیں تین صوبوں سےخطرہ ہے۔

سہیل آفریدی نے کہا پورے ملک میں اس سسٹم کے خلاف نفرت دیکھ رہا ہوں، خیبر سے کراچی تک ہر شخص اسلام آباد جانا چاہتا ہے، ہمارے جمہوری مطالبات ماننا پڑیں گے۔

 

Back to top button