عمران خان سے ملاقات کی اجازت سے مسائل کا حل نکل سکتا ہے: شوکت یوسفزئی

 

 

 

پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت عمران خان سے ملاقات کی اجازت دے،مسائل کا حل نکل آئے گا۔

رہنما پی ٹی آئی شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ مذاکرات کی ناکامی کی اصل وجہ وفاقی حکومت کا بدلتا ہوا مؤقف اور ہٹ دھرمی ہے۔ مذاکرات حکومت نے ختم کیےہیں، اس لیے اس فیصلے پر نظرثانی بھی وفاقی حکومت کو کرنی چاہیے۔

شوکت یوسفزئی نے کہاکہ پی ٹی آئی نے مذاکرات کے دروازے کبھی بند نہیں کیے، لانگ مارچ ہمارا آئینی، قانونی،سیاسی اور جمہوری حق ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیاکہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں گزشتہ روز سے جاری لانگ مارچ انتہائی کامیاب اور پُرامن ہے۔حکومت کے پاس صوبے میں کسی بھی غیرآئینی اور غیرجمہوری اقدام کا کوئی جواز نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت آج عمران خان سے ملاقات کی اجازت دےتو مسائل کا حل نکل آئے گا۔

جارحانہ کپتان عمران کی PM ہاؤس سے جیل تک کی داستان

شوکت یوسفزئی نے خبردار کیاکہ گورنر راج یا ایمرجنسی سے حالات بےقابو ہوسکتے ہیں، صوبے میں امن کی سب سے زیادہ ضرورت خیبرپختونخوا کے عوام کو ہے۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ خیبرپختونخوا گزشتہ 25 برس سے دہشت گردی کا شکار ہے،حکومت اگر کوئی پالیسی بنانا چاہتی ہے تو تمام سٹیک ہولڈرز کو بٹھایا جائے،صوبائی حکومت دہشت گردی کے خاتمے کےلیے ہرممکن تعاون کےلیے تیار ہے،حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کا کریڈٹ بیرسٹر گوہر اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے۔

 

 

Back to top button