دوبارہ حملہ ہوا تو ایران کا جواب پہلے سے زیادہ سخت ہوگا: ایرانی وزیر خارجہ

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے خبردار کیا ہے کہ اگر دشمنوں نے دوبارہ فوجی تصادم کا راستہ اختیار کیا تو ایران پہلے سے زیادہ طاقت کے ساتھ جواب دے گا اور بھرپور دفاع کرے گا۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے غیرملکی سفیروں کی ایک تقریب خطاب کرتےہوئے کہا کہ امریکا کی جنگ کا کوئی فوجی حل ممکن نہیں۔
عباس عراقچی نے کہا کہ نہ ہی کوئی فوجی حل ہے اور نہ ہی نئی پابندیوں کے ذریعے مسئلے کا حل ممکن ہے،اس تنازع کا خاتمہ صرف انصاف اور برابری کی بنیاد پر مذاکرات سے ہی ممکن ہے۔
دوسری جانب عباس عراقچی نے ایرانی سفارت کاروں کو امریکا سے نکالے جانے کا امریکی دعویٰ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جنرل اسمبلی میں شریک تمام ایرانی سفارت کار طے شدہ شیڈول کےمطابق امریکا سے روانہ ہوئے۔
عباس عراقچی نے کہا کہ ایسا اقدام اقوام متحدہ کے میزبان ملک کی حیثیت سے امریکا کی ذمہ داریوں سے بھی مطابقت نہیں رکھتا۔
یاد رہے کہ امریکی میڈیا نے امریکی عہدیدار کے حوالے سے دعویٰ کیاتھا کہ ایرانی وفد کے دو ارکان کو جنرل اسمبلی کا اجلاس ختم ہونے کےکئی دن بعد بھی نیویارک میں موجود رہنے پر امریکا سے نکال دیاگیا۔
امریکی عہدیدار نے کہا تھاکہ وزیرخارجہ مارکو روبیو نے انہیں ملک چھوڑنے کا حکم دیاتھا۔
