گریٹر لاہور ہاؤسنگ سوسائٹی کے پلاٹوں پر قبضے کی کوشش ناکام

گریٹر لاہور ہاؤسنگ سوسائٹی کے پلاٹوں پر قبضے کی کوشش ناکام بنا دی گئی سوسائٹی سیکرٹری کے دفتر میں گھس کر قتل کے دھمکیاں دینے پر قبضہ گروپ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا .
تفصیلات کے مطابق گریٹر لاہور (چنار باغ ) ہاؤسنگ سوسائٹی انتظامیہ کے علم میں یہ بات آئی کہ پنجاب بلاک کے پلاٹ نمبر 206 کے رہائشیوں نے اسی بلاک کے دو پلاٹوں 179 اور 180 پر قبضہ کر کے ان میں غیر قانونی طور پر سبزیاں اگا رکھی ہیں. سوسائٹی کے سیکرٹری ملک محمد موسی نے مذکورہ دونوں پلاٹوں پر غیر قانونی قبضہ چھڑانے کے لئے وہاں اگائی گئی سبزیاں تلف کرنے کا حکم دیا اس ضمن میں سوسائٹی کا عملہ پلاٹوں پر پہنچا تو موقعہ پر موجود امانت علی وہاں سے گالم گلوچ کرتا ہوا گریٹر لاہور ہاؤسنگ سوسائٹی کے آفس پہنچ گیا.

ایف آئی آر کے مطابق ملزم امانت علی اپنے بیٹے عثمان علی اور داماد علی رضا کے ساتھ اسلحہ سمیت زبردستی سوسائٹی آفس میں داخل ہو گیا ۔ دفتر میں موجود سوسائٹی کے سیکرٹری ملک محمد موسی کو گالیاں دیتے ہوۓ ان پر اسلحہ تان لیا اور قتل کر دینے کی دھمکیاں دیں . اس دوران سوسائٹی کے گارڈز نے کاروائی کی اور ملزموں سے پسٹل ، رپیٹر گن اور گولیاں چھین لیں جس کے بعد امانت علی اپنے ساتھیوں سمیت موقعے سے فرار ہو گیا. ملزمان کے خلاف ضابطہ فوجداری کی دفعات B/ 506 اور 34 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے. سوسائٹی جنرل سیکرٹری ملک محمد موسی کا کہنا ہے کہ تھانہ رائیونڈ سٹی نے با اثر قبضہ مافیا کو تحفظ فراہم کرتے ہوۓ ان کے خلاف 452 , 148 , 149 اور 7ATA کی دفعات ایف آئی آر میں شامل نہیں کیں انھوں نے سی سی پی او لاہور سے اپیل کی غیر جانبدارانہ تفتیش کر کے درخواست کے مطابق دفعات مقدمے میں شامل کی جائیں . اس سا رے واقعے کا علم ہونے پر رجسٹرار کواپریٹو پنجاب عثمان معظم نے گریٹر لاہور ہاوسنگ سوسائٹی کی مینجمنٹ کمیٹی کی جانب سے ناجائز قبضہ گروپ کے خلاف بروقت کاروائی کو سراہا اور ممبران کے پلاٹوں کی حفاظت کی دلیرانہ کاوش پر اسے مبارک باد پیش کی
