گوریلا کےبعد اب لائن گلاس،شیشے سے 10 گنا زائد مضبوط

امریکی ماہرین نے ایک نئی قسم کا شیشہ تیار کیا ہے جو ماحول دوست ہے اور روایتی شیشے کے مقابلے میں ٹوٹ پھوٹ سے دس گنا زائد مضبوط اور محفوظ بھی ہے۔
پینسلوانیہ اسٹیٹ یونیورسٹی کے ماہرین نے اسے ’لائن گلاس‘ کا نام دیا ہے جس کی تیاری میں روایتی سوڈا لائم سلیکیٹ شیشے کے مقابلے میں 50 فیصد کم کاربن ڈائی آکسائیڈ استعمال ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ ماحول دوست شیشہ بھی ہے، دوم اس کی تیاری میں بھی کم توانائی خرچ ہوتی ہے۔ سائنسدانوں نے اس کے حقِ ملکیت (پیٹنٹ)کی درخواست دیدی ہے۔
جامعہ کے شعبہ مٹیریئل سائنس سے وابستہ جان مورو نے کہا کہ لائن گلاس ماحول دوست ہے اور اس شیشے کا نقطہ پگھلاؤ بھی کم ہے۔ اس کے مقابلے میں سوڈا لائم سلیکیٹ شیشے کو کوارٹز ریت، سوڈا ایش اور چونے کے پتھر کو پگھلا کر بنایا جاتا ہے۔ اس عمل میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کی غیرمعمولی مقدار خارج ہوتی ہے جو گرین ہاؤس گیس ہے اور عالمی حدت کی وجہ بن رہی ہے۔
