’ہلک‘ کی کزن’ شی ہلک‘ اسکرین پر آنے کو تیار

سائنس فکشن سپر ہیرو کردار ’ہلک‘ ویسے تو کئی سال سے فلمی شائقین کو محظوظ کرتے آ رہے ہیں، تاہم جلد ہی ان کی کزن ’ شی ہُلک‘ بھی اسکرین پر لوگوں کے دل بہلانے آ رہی ہیں۔
جی ہاں، جلد ہی مارول اسٹوڈیو کی جانب سے بنائی جانے والی ٹی وی سیریز ’ شی ہلک‘ ریلیز کی جائے گی اور سپر وومن ہیرو کا انتخاب بھی کرلیا گیا۔ شوبز ویب سائٹ ’ڈیڈ لائن‘ کے مطابق 34 سالہ کینیڈین اداکارہ تاتیانا مسلانے جلد ہی ’ شی ہلک‘ ٹی وی سیریز میں مرکزی کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔ ’ شی ہلک‘ کے کردار کو اگرچہ پہلے ہی کومک کتابوں میں پیش کیا جاچکا ہے، تاہم اب پہلی بار اس کردار پر ٹی وی سیریز بنائی جائے گی۔ ’ شی ہلک‘ کا کردار ’ہلک‘ کا کردار متعارف کرانے والے لکھاری اسٹان لی نے متعارف کرایا تھا، اس کردار کو ابتدائی طور پر 1980 میں پیش کیا گیا تھا۔ فکشن کردار ’ شی ہلک‘ دراصل مرد کردار ’ہلک‘ کا کزن ہے، تاہم ’ شی ہلک‘ کی اچھی بات یہ ہے کہ وہ ایک وکیل بھی ہیں، جس وجہ سے وہ ٹی وی سیریز میں صرف اپنی طاقت کے زور پر دشمنوں کو مزا نہیں چکھائیں گی بلکہ وہ دشمنوں کے خلاف قانونی رستے اختیار کریں گی۔
5f6487c3a07b0ڈیڈ لائن کے مطابق اگرچہ تاحال مارول اسٹوڈیو نے اس بات کی تصدیق نہیں کی ہے کہ اداکارہ تاتیانا مسلانے کو ’ شی ہُلک‘ کےکردار کے لیے کاسٹ کیا گیا ہے، تاہم اسٹوڈیو سے جڑے ذرائع نے تصدیق کی کینیڈین نژاد اداکارہ ہی سپر ہیرو خاتون کا کردار ادا کریں گی۔ ’ شی ہلک‘ کی ٹی وی سیریز کی کہانی جیسیکا گاؤ لکھیں گی جب کہ اس سیریز کی کچھ اقساط کی ہدایات کیٹ کوئرو دیں گی، تاہم اس حوالے سے بھی تصدیق ہونا باقی ہے۔ ’ شی ہلک‘ ٹی وی سیریز کو ڈزنی پلس پر پیش کیا جائے گا، تاہم ڈزنی پلس اور مارول اسٹوڈیو نے اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ سپر وومن سیریز کو کب تک نشر کیا جا سکے گا۔
5f648821834b0خیال کیا جا رہا ہےکہ آئندہ سال کی پہلی سہ ماہی تک ’ شی ہلک‘ ٹی وی سیریز کی شوٹنگ شروع کرکے آئندہ سال کے آخر تک سیزیز کو نشر کردیا جائے گا، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔ ’ شی ہلک‘ کا لباس اپنے کزن کردار ’ہُلک‘ کی طرح گرین ہی ہوگا اور خیال کیا جا رہا ہے کہ ’ شی ہلک‘ کے ساتھ دیگر فکشنل سپر ہیرو کرداروں کو بھی سیریز کا حصہ بنایا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button