گورنر پنجاب کی آرمی چیف کو سیاست میں مداخلت کی دعوت

گورنر پنجاب عمرسرفراز چیمہ نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کو سیاست میں مداخلت کی دعوت دیتے ہوئے ان سے اپیل کی ہے کہ وہ پنجاب کی موجودہ صورتحال میں کردار ادا کریں۔
عمرسرفراز چیمہ نے وزیر اعظم شہباز شریف کے بعد جنرل باجوہ کو لکھے خط میں کہا ہے کہ آرمی چیف پنجاب میں آئینی فریم ورک پر عمل درآمد کیلئے کردار ادا کریں۔خط میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں پرعوامی اعتماد بحال کرنے کیلئے بھی کردار ادا کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
اس حوالے سے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ پنجاب کی موجودہ صورتحال سے میں نے سرکاری طور پر جناب وزیراعظم پاکستان اور دیگر آئینی اداروں کے سربراہان کو مطلع کردیا ہے، لکھ دیا ہے تاکہ سند رہے آئینی و قانونی طور پر جو میرے اختیار میں تھا وہ کیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل عمر سرفراز چیمہ کا وزیراعظم شہباز شریف کو لکھا گیا خط سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے کہا کہ کوئی طاقت مجھے آپ کے بیٹے کے غیر آئینی اقدامات کو روکنے سے منع نہیں کر سکتی، میں تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر آئین پاکستان کی حفاظت کروں گا۔

Back to top button